چیمپئنز ٹرافی : پاکستان بھارت آج مقابلہ کے لئے تیار ‘ غلطیوں سے سبق سیکھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی: مصباح
برمنگھم (نیوز ایجنسیاں)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کے ہاتھوںشکست کے بعد پاکستانی ٹیم نے رویتی حریف بھارت کے خلاف میچ کی تیاریاں شروع کر دی ہیں دونوں ٹیمیں (آج)ہفتہ کو آمنے سامنے ہونگی۔ شیڈول کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا دسوا ں میچ پاکستان اور بھارت کے مابین آج برمنگھم میں کھیلا جائیگا جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 30منٹ پر شروع ہوگا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کا افسوس ہے ، بھارت کیخلاف جیت کر روٹھے شائقین کو منائیںگے جبکہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ایم ایس دھونی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف میچ دلچسپ ہو گا۔ بھارتی شائقین کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ برمنگھم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے کپتان نے کہا ہے کہ چیمپئن ٹرافی میں خود کو منوانے کا آخری موقع ہے، بحیثیت کپتان اورکھلاڑی کسی قسم کا دباو¿ نہیں ہے۔ بھارت کے خلاف کھلاڑی ہمیشہ جیت کے عزم کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ بھارت کے خلاف فتح سے ناراض شائقین کو منا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میچ میں بلے بازوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلیں گے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ایم ایس دھونی نے کہاکہ بھارتی ٹیم پاکستان کے خلاف بھی اچھی کارکردگی دکھائے گی، تمام کھلاڑی اچھی فارم میں ہیں۔ پاکستان کے خلاف ہمیشہ میچ اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، پاکستان کیخلاف جان لڑائیں گے۔ سعید اجمل اور حفیظ کا مقابلہ کرنے کیلئے حکمت عملی تیارکر لی ہے، بارش ہوئی تو پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔