پنجاب سے خواتین کی 10 مخصوص نشستوں کیلئے کاغذات جمع کرا دئیے گئے
لاہور (خبرنگار) پنجاب سے خواتین کی 10 مخصوص نشستوں کیلئے امیدواروں نے کاغذات جمع کرا دئیے یہ تمام نشستیں مسلم لیگ (ن) کے حصے میں آئی ہیں اور انتخابات سے پہلے خواتین ارکان اسمبلی کیلئے مختصر فہرست دینے کی وجہ سے دوبارہ نام دینے پڑے۔ گزشتہ روز پنجاب سے قومی اسمبلی کی ایک مخصوص نشست کیلئے شکیلہ لقمان نے کاغذات جمع کرا دئیے۔ انہوں نے اپنے کاغذات کے ساتھ امریکی شہریت چھوڑنے کا ثبوت بھی پیش کیا۔ صوبائی اسمبلی کی 9 نشستوں کیلئے میاں نواز شریف کے دستخطوں سے بھجوائی فہرست کے مطابق زیب النسائ، شازیہ کامران، بشریٰ انجم بٹ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، ظل ہما، نبیرہ عندلیب، شازیہ طارق، راحیلہ یحییٰ منور اور حنا پرویز بٹ نے کاغذات جمع کرائے۔ بہاولپور سے آنیوالی مسلم لیگ (ن) کی دو خواتین کارکنوں کو مایوس لوٹنا پڑا۔ ان خواتین کارکنوں کا کہنا تھا کہ انہیں کہا گیا ہے کہ ”ٹکٹ“ انہیں دیا گیا ہے جس پر انہیں مسلم لیگ (ن) کی طرف سے آنیوالی فہرست دکھائی گئی اپنے نام لسٹ میں نہ پا کر دونوں خواتین مایوس واپس لوٹ گئیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال آج ہو گی۔ 17 کو کاغذات نامزدگی کی قبولیت پر اعتراضات دائر کئے جا سکیں گے۔ اعتراضات پر 19 جون تک فیصلے دے دئیے جائیں گے۔ 21 جون کو کاغذات نامزدگی واپس لئے جا سکیں گے۔ 22 کو حتمی لسٹ آویزاں کی جائے گی۔