• news

مظاہرین گھروں کو لوٹ جائیں‘ اب مزید پرتشدد کارروائیوں کا وقت نہیں: طیب اردگان

انقرہ (نوائے وقت رپورٹ+ بی بی سی+ اے پی پی) ترک وزیراعظم رجپ طیب اردگان نے کہا ہے کہ غاز ی پارک مظاہرے کا احتجاج ریکارڈ ہو چکا ہے، وہ آج رات تک واپس گھروں کو لوٹ جائیں۔ انقرہ میں اپنی جماعت کے ہیڈکوارٹر میں خطاب کے دوران اردگان نے کہا کہ غازی پارک مظاہرین کی بات سن لی گئی ہے، اب مزید پرتشدد کارروائیوں کا وقت نہیں۔ گیزی پارک مظاہرین نے جب تک چاہا وہاں موجود رہے۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین آج رات تک احتجاج ختم کر کے گھروں کو لوٹ جائیں۔ بی بی سی کے مطابق ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردگان نے استنبول کے غازی پارک میں جمع مظاہرین کو حتمی تنبیہ کرنے کے کچھ گھنٹے بعد مظاہرین کے گروپ کے ارکان سے ملاقات کی ہے۔ تقسیم اتحاد نامی گروپ کے دو ارکان اس وفد کا حصہ تھے جسے انقرہ میں وزیراعظم سے ملاقات کے لیے بلایا گیا تھا۔ اس ملاقات کو استنبول کے غازی پارک اور تقسیم چوک میں پچھلے دو ہفتوں سے جاری حکومت مخالف مظاہرے ختم کرنے کا آخری حربہ قرار دیا گیا ہے۔ تقسیم اتحاد نامی گروپ کے رکن کنان کلگان نے کہا ہے کہ بات چیت تعمیری ہونی چاہیے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ اب تک جس لہجے میں بات ہو رہی ہے وہ بدقسمتی سے مناسب نہیں تھا۔ ’تقسیم سالیڈیریٹی گروپ‘ استنبول کے غازی پارک کی تعمیر و تزئینِ نو کے منصوبے کا مخالف ہے اور تقسیم سکوائر میں جمع مظاہرین کے مطابق وہ اس وقت تک غازی پارک سے نہیں جائیں گے جب تک حکومت اس متنازع منصوبے کو واپس لینے کا اعلان نہیں کرتی۔ حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے ترجمان حسین خالق نے کہا کہ جب تک مجوزہ ریفرنڈم نہیں ہو جاتا حکومت اس وقت تک پارک میں کوئی کام نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ استنبول کے لوگ کیا سوچتے ہیں، ان کا فیصلہ بہت اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارک میں ترقیاتی کام پر اعتراض کرنے والوں نے قانونی کارروائی کر رکھی ہے اور حکومت کو عدالتی فیصلے کا بھی انتظار ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن