پٹرول‘ اشیا خوردنی کی قیمتوں میں اضافہ سیلز ٹیکس بڑھنے پر کیا: کاروباری برادری
لاہور(کامرس رپورٹر) کاروبار برادری نے بجٹ منظور ہونے سے پہلے ہی پٹرولیم مصنوعات اور اشیاءخورد و نوش کے نرخوں میں اضافے پر کہا ہے کہ یہ اضافہ ہم نے ازخود نہیں کیا بلکہ بجٹ دستاویز کے مطابق کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس کی 17 فیصد شرح کا اطلاق 13 جون3 201ءسے ہوگا۔ انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی، لاہور کے صدر میاں طارق فیروز لنڈا بازار کے جنرل سیکرٹری نعیم بادشاہ، اندرون شہر بورڈ کے چیئرمین ملک شفیق، انجمن تاجران آٹو پارٹس مارکیٹ بادامی باغ کے صدر وقار اے میاں، ہال روڈ کے صدر شبیر لبھا، ڈیفنس کے تاجر رہنما ملک مقصود اور بادامی باغ لوہا مارکیٹ کے تاجر فاروق عاقل نے کہا کہ آئندہ مالی سال 2013-14ءکا بجٹ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تیار نہیں کیا بلکہ گزشتہ حکومت نے تیار کیا سیلز ٹیکس کی شرح 16 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کئے جانے کے باعث مہنگائی کا طوفان آیا ہماری وزیراعظم نوازشریف سے اپیل ہے کہ فوری طور پر سیلز ٹیکس کی شرح کو سنگل ڈیجٹ پر لائیں۔