نواز شریف کا نثار اور وزیراعلیٰ بلوچستان کو فون، کوئٹہ کے واقعات کی رپورٹ طلب
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بلوچستان میں ہونے والے واقعات کی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے زیارت اور کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو ہدایت کی کہ ان واقعات کی مکمل تحقیقاتی رپورٹ پیش کریں اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور ان سے سانحہ کوئٹہ کی تفصیلات معلوم کیں۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ بلوچستان کی حکومت کے ساتھ فوری طور پر رابطہ کیا جائے اور افسوسناک صورتحال پر قابو پانے کے لئے وفاقی حکومت کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے بلوچستان کی حکومت کو زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کی جائے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ٹیلی فون پر رابطہ قائم کیا اور کہا کہ اس مصیبت کی گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں جو لوگ بھی اس میں ملوث ہیں، وہ پاکستان اور بلوچستان کے خیر خواہ نہیں۔ وفاقی حکومت دہشت گردی کے واقعات ختم کرنے کے لئے مکمل تعاون کرے گی۔ آپ اس وقت ہمت سے کام لیں اور بلوچستان کے عوام کو تسلی دیں کہ دہشت گردی کے واقعات میں جو لوگ ملوث پائے گئے، ان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔