چیئرمین پی سی بی کے عہدے کی آفر ہوئی تو اعزاز ہوگا: خالد محمود
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود کا کہنا ہے کہ موجودہ چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف کو عدالت میں اپنے کیس کا دفاع کرنے کا پورا پورا حق ہے اور ابھی تک عدالت نے ان کا موقف نہیں سنا ہے۔ موجودہ صورتحال میں اگر حکومت کی جانب سے مجھے عہدے کے لیے آفر ہوئی تو یہ اعزاز کی بات ہوگی۔ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے خالد محمود کا کہنا تھا کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں قومی کرکٹرز نے مایوس کیا ہے تاہم اب کچھ نہیں ہو سکتا لہذا مستقبل کی تیاریاں شروع کرنی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں سابق چیئرمین کا کہنا تھا کہ لاہور کی صدارت کے عہدیداروں کی جانب سے کلبوں اور کھلاڑیوں کو سڑکوں پر لاکر مظاہرے کرنے کا طریقہ کار درست نہیں ہے بلکہ دونوں اطراف سے کرکٹ کے فروغ کے لیے پروگرام دیئے جائیں کہ وہ کرکٹ کی بہتری کے لیے کیا عزائم رکھتے ہیں۔ خالد محمود کا کہنا تھا کہ احتجاجی مظاہرہ سے کرکٹ کی بہتری نہیں بلکہ بدنامی ہو رہی ہے۔