شائقین کے دل ٹوٹ چکے‘ ٹیم کی بہتری کے لئے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے: وسیم اکرم‘ رمیز راجہ
برمنگھم (این این آئی)قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہاہے کہ بھارت سے شکست کے بعد شائقین کے دل ٹوٹ چکے ہیں، ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لانا ہونگی، ایونٹ میں قومی ٹیم کی کار کر دگی انتہائی ناقص رہی، ذمہ داران کو عملی اقدامات اٹھانا ہونگے۔ ٹیم کسی سے بھی ہارجاتی مگربھارت سے شکست نے ان کادل توڑ دیاہے۔ ٹیم میں بڑے پیمانے پرتبدیلیاں لانا ہوں گی۔ کوئی بھی کھلاڑی اگر کارکردگی دکھاتا ہے تو وہ ٹیم میں رہنا چاہیے ورنہ نکال دینا چاہئے۔ قومی ٹیم کے سابق مایہ ناز کرکٹر اور معروف کمنٹیٹررمیز راجہ نے کہاہے کہ پاکستان بھارت ہی سے سبق لے لے کہ ٹیم بنائی کیسے جاتی ہے؟ مصباح الحق کوکپتانی سے ہٹادیا گیا تو ٹیم کےلئے نصف سنچری بنانا بھی ناممکن ہوجائے گا۔ پاکستانی کی بیٹنگ شکست کی ذمے دار ہے۔ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے تاہم پاکستان کی بولنگ ٹورنامنٹ میں سب سے بہترین بولنگ اٹیک ہے۔ سلیکشن میں توازن نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم تباہ کن صورتحال سے دوچار ہوئی ہے۔