قائداعظم ریذیڈنسی پر حملہ سمجھ سے بالاتر ہے: مشاہد اللہ
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری اطلاعات و مرکزی رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ پارٹی مفادات کے بجائے ملکی مفاد کو ترجیح دی ہے، بلوچستان کے مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں تاہم جہاں طاقت کا استعمال کرنا پڑا وہاں اس سے دریغ نہیں کرینگے، قائداعظم کی رہائش گاہ پر حملہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ اتوار کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی زیارت میں رہائش گاہ پر حملہ انتہائی شرمناک ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ملک میں جاری دہشت گردی کی مختلف وجوہات ہیں جس سے نمٹنے کیلئے مختلف اقدامات اٹھانا ہونگے، کوئٹہ اور زیارت میں گزشتہ روز ہونے والی دہشت گردی سمجھ سے بالاتر ہے، حکومت اس کی وجوہات جاننے کی مکمل کوشش کر رہی ہے۔ بلوچستان میں کافی عرصے سے شورش ہے جسے درست کرنے کی حکومت مکمل کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ واقعات کے کیا مقاصد ہیں اور کس نظریہ کے مطابق یہ لوگ لڑ رہے ہیں ان چیزوں کو جانا جائے گا۔ حکومت ملک و قوم کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلائے گی۔