ترکی : پولیس نے غازی پارک خالی کرا لیا‘ جھڑپیں ‘ وزیراعظم کے حق میں بھی ریلیاں‘ لاکھوں افراد کی شرکت
استنبول (اے پی پی+ آن لائن) ترکی کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے استنبول کے تقسیم سکوائر کے قریب واقع غازی پارک میں دھرنا دیئے ہوئے مظاہرین کو وہاں سے باہر نکال دیا تاہم مظاہرین نے اپنا احتجاج جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم طیب اردگان کے اعلان کے بعد پولیس نے پارک کو خالی کرانے کے لیے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے خیمے اکھاڑ دیئے آنسو گیس کے شیل اور تیز دھار پانی برسانے کے علاوہ ربڑ کی گولیاں بھی چلائیں۔ پارک کی صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ترکی میں حکومت مخالف مظاہروں میں ایک بار پھر شدت آگئی ہے۔ غازی پارک سے مظاہرین کو نکالے جانے کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور کئی گاڑیاں نذر آتش کر دیں ۔ مظاہرین نے ملک بھر میں بھرپور مظاہروں کا اعلان کردیا ہے ۔ جب کہ مزدور یونین نے بھی آ ج پیر کو ہڑتال کی کال دے دی ہے۔ ترک حکومت عدالت کا فیصلہ آنے تک غازی پارک کی تعمیر روکے جانے پر رضامند ہوگئی ہے۔ دریں اثناءغیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیراعظم طیب اردگان کے حق میں ریلیاں اور مظاہرے کئے گئے، لاکھوں افراد نے شرکت کی۔