بھارت اور اسرائیل امت مسلمہ کے بدترین دشمن ہیں: عبدالرشید ترابی
الجزائر(آن لائن)جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرکے امیر عبدالرشیدترابی نے کہاہے کہ بھارت اوراسرائیل کشمیریوںاور فلسطینیوںکے قتل اور امت مسلمہ کے بدترین دشمن ہیں،اسرائیل مسلمانوںکے قبلہ اول مسجد اقصیٰ پر قبضہ کرنے کے لیے فلسطینیوںکا قتل عام کررہاہے تو دوسری طرف بھارت اور مشرکیں خانہ کعبہ پر بت دوبارہ رکھنے کے فلسفے پر ایک ہیں۔ان خیالا ت کا اظہار انہوںنے الجزائر میں حرکہ المجتمع سم کے زیر اہتمام امت مسلمہ کا مستقبل اور تعمیر نو کے عنوان سے منعقدہ عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ جس طرح اسرائیل فلسطینیوںکا محاصرہ کرکے ان کا قتل عام کررہاہے اسی طرح بھارت کی آٹھ لاکھ فوج کشمیریوںکا محاصرہ کرکے ان کی نسل کشی کررہی ہے۔ کشمیری 65 برس سے بھارت سے اپنا پیدائشی حق مانگ رہے ہیں اور بھارت ان کے لاشوں کے پشتے لگارہاہے پانچ لاکھ کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان تخریب کاری کا محور اور مرکزبھارت ہے۔