فنکشنل، مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، قائداعظم ریذیڈنسی پر حملے کی مذمت
کراچی (اے پی پی) مسلم لیگ فنکشنل اور مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اتوار کو مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل امتیاز شیخ کی زیر صدارت انکی رہائشگاہ پر ہوا۔ اجلاس میں قائداعظمؒ ریذیڈنسی پر حملے اور کوئٹہ میں ویمن یونیورسٹی بس میں بم دھماکے کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ، پانی کی کمی، بجٹ اور کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان کی صورتحال، سندھ اسمبلی میں پیش ہونیوالے سندھ کے 2013-14ءکے بجٹ اور سندھ کے دیگر اہم ایشوز پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد امتیاز شیخ نے صحافیوں کو بتایا کہ پارلیمانی اجلاس میں دونوں جماعتوں نے آئندہ کے سندھ اسمبلی کے اجلاس سے متعلق لائحہ عمل تیار کیا ہے۔ انہوں نے الیکشن کمشن سے مطالبہ کیا کہ 26 جون 2013ءکو سانگھڑ حلقہ پی ایس 81 پر ہونے والی ری پولنگ کو شفاف بنانے کیلئے پولنگ اسٹیشن پر فوج تعینات کی جائے۔ ایم کیو ایم کی حکومت سندھ میں شمولیت کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ ایم کیو ایم کا اندورنی معاملہ ہے، ہمیں انکی شمولیت سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ہم پہلے بھی سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے تھے اور اب بھی بھرپور کردار ادا کریں گے جبکہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا فیصلہ مشاورت سے ہو گا۔