روسی صدر کی چینی ہم منصب سے ٹیلی فون پر بات چیت، آبنائے کوریا پر تبادلہ خیال
بیجنگ (اے پی پی) روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے چینی ہم منصب سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے آبنائے کوریا میں صورتحال اور دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چین کے صدر زی نے کہا کہ روس چین تعلقات اعلیٰ سطح پر آگے کی جانب گامزن ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان وفود کے اعلیٰ سطح پر تبادلوں، سرمایہ کاری، توانائی، ثقافت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو تیزی سے فروغ مل رہا ہے۔ چین کے صدر نے کہا کہ روس نے بین الاقوامی امور میں بھی ہمیشہ چین کے ساتھ قریبی تعاون کیا ہے۔ انہوں نے سینٹ پیٹرز برگ میں عالمی اقتصادی فورم پر روسی میزبانی کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ چین دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے، علاقائی اور بین الاقوامی معاملات میں روس کی بھرپور حمایت کرے گا۔