• news

امام خمینی اتحاد بین المسلمین کے عظیم داعی تھے، سیمینار سے مقررین کا خطاب

لاہور (خصوصی نا مہ نگار) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام ایرانی انقلاب کے رہبر امام خمینی کی 24 ویں برسی کے موقع پر سیمینار ”امام خمینی او رعالم اسلام کی بیداری “ کے موضوع پر ایوان اقبال میں منعقد ہوا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ امام خمینی اتحاد بین المسلمین کے عظیم داعی تھے۔ پاکستان ہمارا وطن ہے اور ہم اس پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ وطن کا دفاع واجب ہے، شاعر مشرق حضرت اقبال نے جس آزاد، سربلند اسلامی ریاست کا خواب دیکھا تھا اُس کی عملی تعبیر امام خمینی نے پیش کی ، دہشتگرد انسان کہلانے کے بھی حقدار نہیں ،مسلمانوں میں یکجہتی کو ختم کرنا بین الاقوامی ایجنڈا ہے۔ 2014ءعالمی طاقتوں کے زوال اور مسلمانوںکے عروج کا سال ثابت ہوگا‘ پاکستان اندرونی سازشوں اور خلفشار کا شکار ہے ،ظالم ‘جابر‘زمینداروں اور وڈیروں کےخلاف علم بغاوت بلند کرنا ہوگا۔ سمینار سے مجلس وحدت کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی، سابق گورنر پنجاب سردار لطیف خان کھوسہ ، سابق سینٹر فیصل رضا عابدی، ندیم افضل چن ، سنی اتحاد کونسل پنجاب کے صدر عمار سعید رضو ی ، علامہ سید ا احمد اقبال رضوی ، تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری، ڈی جی خانہ فرہنگ ایران عبد الرزاق سلطانی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہاہمیں اپنے ہمسایہ ممالک سے تعلقات بہتر بنانا ہوگا۔ ایران پاکستان گیس پائپ لائن کو بلا تاخیر اور وطن دشمنوں کے دباﺅ میں آئے بغیر مکمل کرنا ہوگا۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ علامہ اقبال نے اس آزاد سربلند، اسلامی ریاست کا خواب دیکھا تھا۔ اُس کی عملی تعبیر حضرت امام خمینی نے پیش کی۔ سردار لطیف خان کھوسہ نے کہا کہ جب جب دنیا میں امام خمینی پیدا ہوتے رہیں گے اسلام کی تجدید نو ہوتی رہے گی۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ اب ہمیں امام خمینی کے افکار کو زبانی کلامی ماننے کی بجائے خمینی کی طرح ظالموں اور جابر قوتوں کے خلاف علی الاعلان کلمہ حق بلند کرنا پڑے گا۔ فیصل رضا عابدی نے کہا کہ پاکستان میں تفرقہ بازی کی کوئی جنگ نہیں ہے بلکہ بین الاقوامی سازش کے تحت یہ ہم پر مسلط کی جارہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن