• news

شیخوپورہ: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل ڈائریکٹر کے دفتر کے باہر اساتذہ کا احتجاج

شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) اساتذہ تنظیموں کے زیر اہتمام یہاں سینکڑوں ٹیچروں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجینل ڈائریکٹر کے رویہ اور اس کے دفتر میں بعض اہلکاروں کے سرعام رشوت کامطالبہ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور اعلان کیا کہ ریجینل ڈائریکٹر کے تبادلہ تک علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے زیراہتمام ہونے والے تمام امتحانات کا بائیکاٹ جاری رکھا جائے گا اور کوئی ٹیچر اس یونیورسٹی کے اسائنمنٹ بھی چیک نہیں کرے گا۔ احتجاجی مظاہرے کے بعد صدر ایلیمنٹری ٹیچرز ایسویسی ایشن سید شفیق الرحمن شاہ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال یونیورسٹی کے مشقوں اور اسائمنٹس کو لاہور ریجن میں تقسیم کرنے کا طریقہ کار بالکل تبدیل کردیا گیا ہے۔ شیخوپورہ میں سالانہ میٹنگ کرکے اسائمنٹوں کی تقسیم کی بجائے ریجینل آفس میں بلا کر اسائمنٹ تقسیم کی جاتی ہیں اور یہاں پر خواتین ٹیچروں سے بدکلامی کے علاوہ فی اسائمنٹ ایک ہزار روپے رشوت بھی وصول کی جاتی ہے۔ انہوںنے مطالبہ کیا ہے کہ ایم ایڈ اور بی ایڈ کی امتحانی مشقوں کی اسائمنٹس ایسے اساتذہ کو دی جائیں جو ان مضامین کو مسلسل پڑھارہے ہوں۔ انہوںنے کہا کہ ریجینل ڈائریکٹر کے تبادلہ تک اساتذہ تنظیموں کا احتجاج جاری رہے گا۔ دریں اثنا ریجینل ڈائریکٹر کے آفس کے ذرارئع نے ان الزامات کی تصدیق نہ کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن