• news

وفاقی بجٹ کیخلاف کئی شہروں میں کلرکوں کا احتجاج، سرکاری دفاتر کی تالہ بندی

وفاقی بجٹ کیخلاف کئی شہروں میں کلرکوں کا احتجاج، سرکاری دفاتر کی تالہ بندی

حافظ آباد (نمائندہ نوا ئے وقت+ نامہ نگاران) حافظ آباد میں وفاقی بجٹ میں ٹیکس بڑھانے اور تنخواہوں میں کم اضافے کے خلاف آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے پنجاب کے مختلف شہروں میں ہڑتال اور سرکاری دفاتر کی تالہ بندی کی۔ تفصیلات کے مطابق تعلیم، صحت، ریونیو، زراعت سمیت مختلف محکموں کے کلرکوں نے ایپکا کے ضلعی صدر چوہدری نصر اللہ ہنجرا ، سیکرٹری رانا محمد امجد فریدی اور دیگر عہدے داروں ملک شوکت علی، رانا صدف اعجاز ، مظفر علی ، محمد فیصل اور رائے گلزار احمد کی قیادت میں مکمل ہڑتال کرتے ہوئے ای ڈی او ایجوکیشن کے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دیا ۔دھرنے میں شریک کلرکوں نے کم تنخواہوں کے خلاف نعرہ بازی بھی کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جس طرح حکومت نے پٹرولیم مصنوعات ،اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور ٹیکسوں میں اضافہ کیا ہے اس حساب سے ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت ملازمین کی تنخواہوں میں مزید اضافہ نہیں کیا جاتا ان کے احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ادھر فیصل آباد کے سرکاری دفاتر میں ہڑتال اور تالہ بندی کی گئی۔ ڈویژنل صدر ایپکا محمد رفیق ڈوگر کی ہدایت پر سینئر ممبران نے مختلف دفاتر کا دورہ کر کے ہڑتال کا جائزہ لیا۔ محمد رفیق ڈوگر کے مطابق آج ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ سے کلرک جلوس نکالیں گے۔ ادھر صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایپکا چودھری عبدالعزیز بھٹی کی زیرصدارت اجلاس میں ایپکا رہنماﺅں نے تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ مسترد کرتے ہوئے کل 19جون سے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کل 19جون اور پرسوں 20جون کو بھرپور مظاہرے کئے جائیں گے۔ دریں اثناءننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کے زیر اہتمام ضلع بھر کے کلرکوں نے اپنے اپنے دفاتر کی تالہ بندی کر کے ڈی سی او آفس کے باہر احتجاجی دھرنا دیا اور ایک احتجاجی ریلی نکالی جس کی قیادت ضلعی صدر ریاض احمد بھٹی نے کی مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کو مسترد کر دیا اور کہا کہ حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم 25فیصد اضافہ کرے ورنہ سرکاری ملازمین دفاتر کی تالہ بندی اور احتجاج جاری رکھیں گے۔ ادھر ایپکا سیالکوٹ کی ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس ضلعی صدر محمد امجد گھمن کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ایپکا چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ بتایا گیا ہے کہ تمام سرکاری ملازمین آج دس بجے ضلع کچہری میں احتجاج کریں گے۔ ادھر نارووال میں بھی سرکاری ملازمین نے تنخواہوں مےں دس فےصد اضافہ کر مسترد کرتے ہوئے احتجاجی جلوس نکالا، جلوس کی قےادت صدر اپےکا ضلع نارووال مراتب علی مغل نے کی، احتجاجی جلوس ای ڈی او اےجوکےشن آفس سے شروع ہو کر نےشنل پرےس کلب پہنچا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں روٹیاں پکڑ کر احتجاج بھی کیا۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق ایپکا قصور کے صدر چودھری منظور حسین اور دیگر عہدیداروں نے کہا کلرک تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کو مسترد کرتے ہیں اور کل بروز بدھ کو قصور میں دفاتر کی تالہ بندی اور مکمل ہڑتال کی جائے گی۔
ایپکا / یوم احتجاج

ای پیپر-دی نیشن