”ڈرون حملوں سے شدت پسندی بڑھ رہی ہے“ پاکستانی مندوب کا سلامتی کونسل میں اظہار تشویش
نیویارک (آئی این پی) اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب مسعود خان نے سلامتی کونسل میں ڈرون حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرون حملے ہماری خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں، ان میں معصوم شہری اور بچے مارے جاتے ہیں، جس سے ان علاقوں میں دہشت گردی اور شدت پسندی میں اضافہ ہو رہا ہے، ڈرون حملوں کے متعلق جامع مذاکرات اور فوری حل کی ضرورت ہے۔ سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ڈرون حملے انتقامی کارروائیوں کا محرک بن رہے ہیں۔ شدت پسندی میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث سکولوں اور لڑکیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ بچوں پر تشدد کرنیوالے عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہئے۔ پاکستان بچوں کے تحفظ کےلئے سیاسی اتفاق رائے کو مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ ڈرون حملوں سے متعلق معاملات پر جامع مذاکرات اور فوری حل کی ضرورت ہے۔