اشرافیہ سے ٹیکس لے کر غریب اور کم وسیلہ طبقات کی فلاح پر خرچ کریں گے: شہباز شریف
لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے نئے مالی سال 2013-14ءکیلئے انقلابی بجٹ پیش کیا ہے جس میں صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی اور فلاح و بہبود کیلئے کئی اہم اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ ترقیاتی ویژن کا شاہکار بجٹ صوبے کے عوام کیلئے ترقی اور خوشحالی کا نیا دور لیکر آئیگا۔ غریب اور کم وسیلہ طبقات پر ایک پائی کا بھی بوجھ نہیں ڈالا گیا بلکہ اشرافیہ پر ٹیکس لگایا گیا ہے۔ اشرافیہ سے ٹیکس وصول کرکے غریب اور کم وسیلہ طبقات کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائیگا۔ نئے مالی سال کا بجٹ سماجی شعبوں کی مربوط ترقی کا روڈ میپ ثابت ہوگا۔ وہ 90 شاہراہ قائداعظم پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ شہباز شریف نے صوبائی وزیر خزانہ، سیکرٹری خزانہ اور انکی پوری ٹیم کو عوام دوست اور متوازن بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے بہترین اور انقلابی بجٹ سے ثابت ہوگیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) محدود وسائل کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔ انہو ںنے کہا کہ مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت 9 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کردی گئی ہے جس میں بتدریج اضافہ کرتے ہوئے 15 ہزار روپے ماہانہ تک لے جایا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی پر بوجھ ڈالنے کی بجائے اشرافیہ سے ٹیکس وصول کرکے غریب اور کم وسیلہ طبقات کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائیگا۔ پنجاب حکومت نے صاحب حیثیت افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں جس سے نہ صرف ٹیکس بیس میں اضافہ ہوگا بلکہ وسائل کی زیادہ سے زیادہ وصولی بھی ممکن ہوسکے گی۔ سادگی اور کفایت شعاری کا آغاز وزیراعلیٰ آفس سے کیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ آفس کے اخراجات میں 30 فیصد کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی ایک ایک پائی ہمارے پاس امانت ہے جس میں خیانت کا تصور تک نہیں کیا جاسکتا۔ شفافیت اور میرٹ کی پالیسی جاری رہے گی۔ تعلیم، صحت اور توانائی کے شعبوں میں خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب حکومت راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد میں جدید میٹرو بس سروس کے منصوبے شروع کریگی۔ گزشتہ برس کی طرح نئے مالی سال کے بجٹ میں بھی جنوبی پنجاب کو آبادی کے تناسب سے زیادہ فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے 93 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ 290 ارب روپے کا ریکارڈ ترقیاتی بجٹ صوبے کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں نمایاں کردار ادا کریگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے بھی بجٹ میں کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔ توانائی سیکٹر میں ساڑھے بیس ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جس سے توانائی بحران کے حل میں مدد ملے گی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے صوبے میں خسرہ سے بچاﺅ اور علاج معالجہ کی سہولیات کو مزید مو¿ثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خسرہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کو وہ خود مانیٹر کر رہے ہیں۔بچوں کو خسرہ سے بچانے کیلئے تمام ضروری وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبائی وزیر صحت بلاناغہ ہسپتالوں کے دورے جاری رکھیں اور لاہور کے علاوہ فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بھی جا کر خسرہ کے تدارک کے حوالے سے صورتحال اور اقدامات کا خود جائزہ لیں اور اس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں۔ ایک ایک بچے کی جان قیمتی ہے۔ عوام کی آگاہی کیلئے ہیلپ لائن 0800-99000 کو پوری طرح فعال بنایا گیا ہے جس پر فون کرکے شہری خسرہ سے بچاﺅ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ خسرہ سے متاثرہ بچوں کے علاج معالجے میںکوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور ہسپتالوں میں متاثرہ بچوں کے علاج معالجے کیلئے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ دریں اثنا شہباز شریف نے میلسی میں زہریلے کھانے سے ہونے والی ہلاکتوں کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ کی ہر پہلو سے مکمل انکوائری کرکے جلد رپورٹ پیش کی جائے۔علاوہ ازیں شہباز شریف سے وہاڑی سے ممبر قومی اسمبلی طاہر اقبال چودھری اور ممبر پنجاب اسمبلی نعیم خان بھابھہ نے ماڈل ٹاﺅن میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع وہاڑی کے ترقیاتی منصوبوں اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی سکیموں کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ترقیاتی سکیموں کے لئے 93 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جس سے ان علاقوں میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں توانائی کے بحران کے حل کیلئے جامع منصوبہ بندی اور حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کیلئے تیز رفتاری سے کام کیا جائے۔ ہائیڈل اور تھرمل کے علاوہ کوئلے اور سولر انرجی کے توانائی حاصل کرنے کے متبادل وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے فوکسڈ پلاننگ کی جائے اور 50 میگا واٹ تک کے سولر انرجی پروجیکٹس کے قابل عمل ہونے کے ضمن میں صوبائی وزارت توانائی فوری جائزہ لے-پنجاب حکومت نے توانائی کے بحران کو حل کرنے کا پختہ عزم اور تہیہ کیا ہوا ہے اور بجلی کی کمی کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات سے حکومت جلد از جلد نجات دلانے کے لئے کوشاں ہے - انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے پنجاب میں توانائی کے متبادل وسائل پر مبنی منصوبوں کے لئے اپنا ممکنہ تعاون فراہم کریں -وہ اسلام آباد میں توانائی کے بحران بالخصوص سولر انرجی کے منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے منعقدہ ایک خصوصی بریفنگ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے - اجلاس میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمدآصف ، صوبائی وزیر توانائی و معدنی ترقی چوہدری شیرعلی ، عالمی بنک کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود، انرجی ماہر رینلڈ ڈنکن(Mr. Renald Duncan) ، ڈاکٹر مصدق ، صوبائی سیکریٹری توانائی ، پروفیسر ڈاکٹر سلیم جیلانی اور دیگر انرجی ماہرین اور اعلی حکام نے شرکت کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی وزارت توانائی اپنی پوری توجہ مرکوز کرکے بجلی کی کمی کو دور کرنے کے لئے مختصرالمیعاد، درمیانی اور طویل مدتی منصوبے تیار کرے۔ اگرچہ بجلی کا بحران ایک بڑا چیلنج ہے لیکن ہماری حکومت نے اس چیلنج کا بھرپور مقابلہ کر کے صوبے کو توانائی کے بحران سے باہر نکالنے کا پختہ عزم کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے تقریباً 60 فیصد صارفین موجود ہیںاور ایسے گھریلو صارفین کو سولر پینل فراہم کر کے شمسی توانائی کے ذریعے بجلی کی فراہمی کے منصوبے کے قابل عمل ہونے کا جائزہ لیا جائے تو اس طرح خاطرخواہ نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔ انرجی بحران حل کرنے کے لئے صوبے اور قوم کے مفاد میں ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام نے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے بہت زیادہ تکالیف برداشت کی ہیں اور ہماری حکومت عوام کو جلد ازجلد اس بحران سے نکالے گی۔ عالمی بنک اور انرجی کے دیگر ماہرین سے کہا کہ وہ سولر پینل کے گھریلو منصوبوں پر اخراجات اور اس سے حاصل ہونے والی بجلی کے حوالے سے جامع اعداد و شمار مرتب کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے بحران کے حل کے لئے بجلی کی چوری اور بجلی اور توانائی کے دیگر دستیاب وسائل کی بچت کے حوالے سے بھی ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے ایوان وزیراعلیٰ میں پیر خواجہ حمیدالدین سیالوی سیال شریف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات، قیصر شیخ، نظام الدین سیالوی اور سرگودھا سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے دوران گفتگو کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو تاریخی مینڈیٹ ملا ہے۔ حکومت عوام کے مسائل کے حل اور ان کی بے لوث خدمت کی بھاری ذمہ داری بطریق احسن نبھائے گی اور تمام فیصلے مشاورت سے کئے جائیں گے۔ اس موقع پر پیر خواجہ حمیدالدین سیالوی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو تندرستی اور لمبی عمر عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو شہباز شریف سے بہت توقعات رکھتے ہیں۔