جونیئر گالف چیمپئن شپ: گرلز ٹائٹل لاہور کی دانیہ ایاز‘ بوائز راولپنڈی کے حسن نے جیت لیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) راولپنڈی کے14سالہ راﺅمحمد حسن نے جونیئر گالف چیمپئن شپ جیت لی جبکہ گرلز کیٹگری کا ٹائٹل لاہور گریژن کی دانیہ ایاز کے نام رہا۔ رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب میں جونیئر گالف چیمپئن شپ کے آخری روز بوائز کیٹگری میں راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے راﺅ محمد حسن نے 155 گراس سکور کی بدولت چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ لاہور گریژن کے ندیم اسلم صرف 3 پو ائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر رہے۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے ذیشان خان163 پوائنٹس کے ساتھ چیمپئن شپ میں تیسرے نمبرپر رہے۔ ایونٹ کی گرلز کیٹگری میں لاہور گریژن سے تعلق رکھنے والی دانیہ ایاز نے194 گراس سکور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب کی کاشفہ ظفر 198 گراس سکور کی بدولت دوسرے جبکہ رائل پام ہی کی نوشمیہ سکھیرا 204 گراس سکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔ پاکستان گالف فیڈریشن کے نائب صدر تیمور حسن اور سیکرٹری بریگیڈئر نیئر افضل نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔