• news

واپڈا انٹریونٹ سوئمنگ چیمپئن شپ این ٹی ڈی سی نے جیت لی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) 45ویں سالانہ واپڈا انٹریونٹ سوئمنگ چیمپئن شپ نیشنل ٹرانسمشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) نے جیت لی۔ این ٹی ڈی سی نے مجموعی طور پر 295پوائنٹس حاصل کئے۔ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے 234پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) نے 233پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ واپڈا سپورٹس بورڈ کے زیراہتمام تیراکی کے اِن تین روزہ مقابلوں کا انعقاد واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں کیا گیا تھا۔ چیمپئن شپ کے دوران واپڈا سپورٹس بورڈ کی پانچ تنظیموں کے تیراکوں نے 19 مختلف مقابلوں میں حصہ لیا۔ این ٹی ڈی سی کے عثمان جاوید چیمپئن شپ کے بہترین تیراک قرار پائے جنہوں نے 6 طلائی تمغوں کے علاوہ نقرئی اور کانسی کا بھی ایک ایک تمغہ حاصل کیا۔ واپڈا کے جنرل منیجر (فنانس) واٹر افتخار رفیق چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔ 

ای پیپر-دی نیشن