• news

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی‘ پہلا سیمی فائنل آج‘ دوسرا کل کھیلا جائیگا

لندن (اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیراہتمام کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان آج بدھ کو اوول، لندن میں کھیلا جائیگا جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 50منٹ پر شروع ہوگا اور بھارت اور سری لنکن کرکٹ ٹیموں کے درمیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل کل جمعرات کو کارڈف میں کھیلا جائیگا جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 50منٹ پر شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 23 جون کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ورلڈ کپ کے بعد سب سے اہم ون ڈے ایونٹ کا یہ آخری ایڈیشن ہے اس کے بعد یہ تاریخ کا حصہ بن جائے گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس ٹورنامنٹ کیلئے مجموعی طور پر 40لاکھ ڈالر کی رقم مختص کی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم 20 لاکھ ڈالر کی حق دار ٹھہرے گی جبکہ رنر اپ کو 10لاکھ ڈالر انعام دیا جائیگا۔ سیمی فائنلز میں ناکام رہنے والی ٹیموں کو 4،4 اور گروپ راﺅنڈ میں تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیموں کو بھی ایک ، ایک لاکھ ڈالر انعام دیاجائیگا۔ ٹورنامنٹ میں دنیائے کرکٹ کی8 ٹاپ ٹیموں نے حصہ لیا جنھیں دو گروپس اے اور بی میں تقسیم کیا گیا۔گروپ اے میں آسٹریلیا، سری لنکا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ جبکہ گروپ بی میں بھارت، جنوبی افریقہ، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل تھیں ۔گروپ میں شامل ہر ٹیم نے دوسری ٹیم سے تین، تین میچ کھیلے، ہر گروپ سے دو ٹیموں نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ ایک گروپ کی فاتح ٹیم دوسرے گروپ کی رنر اپ ٹیم سے سیمی فائنل میں ٹکرائے گی۔گروپ میچز میں جیتنے والی ٹیم کو دو پوائنٹس، ٹائی میچ کے ایک پوائنٹ اور ہارنے پر دو پوائنٹس کا نقصان ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن