بجٹ کو مل بیٹھ کر منظور کرنے کی نئی روایت قائم کی جائے: خورشید شاہ
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ انتخابی عمل پر انگلیاں اٹھنا بدقسمتی کی بات ہے‘ حکومت کے ہر اچھے فیصلے کی حمایت کریں گے‘ بجٹ کو مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے منظور کرنے کی نئی روایت قائم کی جائے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں عمران خان اور وزیر داخلہ چوہدری نثار کے خطاب کے بعد سید خورشید شاہ نے عمران خان کو صحت یابی کے بعد ایوان میں آنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت اور اپوزیشن نے آج جس جذبے کا مظاہرہ ایوان میں کیا ہے وہ انتہائی خوش آئند ہے۔ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے چار ارکان کا اتفاق رائے سے فیصلہ ہوا۔ انتخابی عمل پر انگلیاں اٹھنا بدقسمتی کی بات ہے۔ اگر ایک دفعہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے تو یہ ملک اور جمہوریت کے لئے نیک شگون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ہر اچھے اور قومی معاملات میں فیصلوں پر ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مل بیٹھ کر بجٹ کو اتفاق رائے سے منظور کرکے نئی روایت قائم کی جائے۔ فنکشنل لیگ کے غوث بخش مہر کے نکتہ اعتراض پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے پیشکش کی کہ سب سے پہلے سندھ میں ان کے حلقے سے انکوائری کا آغاز کیا جائے۔