پیپلز یونٹی کا احتجاج، پی آئی اے فلائٹ آپریشن معطل، مذاکرات کے بعد بحالی
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پی آئی اے انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد پیپلز یونٹی نے کہا ہے کہ ائر پورٹ پر پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بحال کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز یونٹی کے صدر ہدایت اللہ نے کہا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 4گھنٹوں سے پیپلز یونٹی کے احتجاج کے باعث کراچی ائر پورٹ سے فلائٹ آپریشن معطل ہونے سے کراچی ائر پورٹ پر موجود ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، اسلام آباد اور لاہور سے پہنچنے والے مسافروں کو سامان بھی نہیں ملا۔ مسافروں نے شکایت کہ بھوکے پیاسے بیٹھے رہے۔ احتجاج کے باعث کراچی سے جدہ پی کے 731 کی روانگی میں بھی تاخیر ہوئی۔ مسافر ڈیڑھ گھنٹے تک طیارے میں بیٹھے رہے۔ مسافروں کی حالت خراب ہو گئی ہے۔ طیارے میں بڑی تعداد میں عمرہ زائرین موجود تھے۔ بعد ازاں مسافروں کو طیارے سے اتار کر لاﺅنج میں بٹھا دیا گیا۔ قبل ازیں پی آئی اے ہیڈ آفس میں مزدور یونینوں کے درمیان کشیدگی کے بعد پی آئی اے کے تمام ڈائریکٹرز اور جی ایم کام چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ ائرلائن ذرائع کے مطابق پیپلز یونٹی نے ڈی ایم ڈی اور ڈائریکٹر ایچ آر کو دفتر میں یرغمال بنا لیا تھا۔ ذرائع کے مطابق تنازع لاہور میں مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کا ڈیوٹی روسٹر تبدیل کرنے پر شروع ہوا۔ پی آئی اے آپریشن بحال