کراچی میں اغوا اور مسخ شدہ نعشیں ملنے کیخلاف متحدہ اور پیپلزپارٹی کا قومی اسمبلی سے واک آﺅٹ
اسلام آباد (خبر نگار خصو صی) متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی نے کراچی میں شہریوں کے اغواءاور مسخ شدہ نعشوںکے ملنے پر احتجاجاً قومی اسمبلی سے واک آﺅٹ کیا۔ بدھ کو ایم کیو ایم کے رکن اقبال محمد علی خان نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ کراچی میں بلوچستان کی طرح اغواءکے بعد قتل کرکے مسخ شدہ نعشوںکا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ حکومت کو اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔ وزیر داخلہ اس کا فوری نوٹس لیں۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے ارکان ایوان سے احتجاجاً واک آﺅٹ کرگئے۔ سپیکر نے وفاقی وزراءکو ہدایت کی کہ اپوزیشن کو منا کر ایوان میں واپس لائیں۔ بعد ازاں وزراءانہیں منا کر ایوان میں واپس لائے۔