بجٹ میں جماعتہ الدعوة کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ‘ پاکستان سے احتجاج کریں گے: بھارت کا انوکھا شگوفہ
نئی دہلی (آن لائن) بھارت نے حکومت پاکستان کے حالیہ بجٹ 2013-14ءمیں حکومت پنجاب کی جانب سے جماعت الدعوة کے لئے فنڈز مختص کرنے کا واویلا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم دہشتگرد تنظیم لشکر طیبہ کے فلاحی نیٹ ورک کے لئے رقم مختص کرنے پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے پاکستان کی وفاقی حکومت سے معاملہ اٹھایا جائے گا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ حکومت پنجاب پاکستان نے حالیہ بجٹ میں لشکر طیبہ کے مادری ادارے جماعت الدعوة کے لئے اکسٹھ ملین روپے کی رقم مختص کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لشکر طیبہ دہشتگرد تنظیم ہے جس نے ممبئی حملوں سمیت بھارتی سرزمین پر کئی حملے کئے ہیں اگر کسی کے نیٹ ورک کیلئے فنڈز مختص کرنے کا معاملہ درست ہوا تو ہم خاموش نہیں بیٹھ سکتے اور پاکستان کی مرکزی حکومت کے ساتھ اس معاملے کو اٹھایا جائے گا۔ سلمان خورشید نے کہا کہ جو معاملات ہمارے لئے تحفظات کا باعث ہیں ان پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے جماعت الدعوة کے سرپرست حافظ سعید کی بھارت مخالف سرگرمیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں وہ جو کچھ بھی کر رہے ہیں ہمارے مفادات کے خلاف ہے۔