• news

فیول ایڈجسٹمنٹ : بجلی کی قیمت میں ایک روپے 12 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا گیا

اسلام آباد (آئی این پی+ این این آئی) نیپرا نے بجلی کے فی یونٹ میں 1روپے 12 پیسے اضافہ کی منظوری دیدی‘ اضافہ مئی کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا‘ قیمتوں میں اضافہ کا اطلاق کے ای ایس سی کے سوا ملک بھر کی بجلی کی تقسیم کار تمام کمپنیوں پر ہو گا۔ بدھ کو نیپرا نے سینٹرل پاور پرچیزنگ کمپنیوں کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالے سے بھیجی جانے والی سفارشات کا جائزہ لیا۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں سے متعلق سفارشات ارسال کی گئی تھی۔ اضافہ صارفین سے دسمبر کے بلوں میں وصول کیا جائیگا۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے نیپرا ہیڈکواٹر میں ہونےوالی سماعت کے دوران سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے موقف اختیار کیا کہ ماہ مئی کے دوران ہائیڈرل پاور جنریشن تخمینے سے نسبتاً کم رہی جبکہ فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت 16 روپے 16 پیسے، ڈیزل سے 20روپے 80 پیسے اور گیس سے پیداواری لاگت 5 روپے 21 پیسے فی یونٹ رہی، پن بجلی کی پیداواری لاگت 8 پیسے اور در آمدی بجلی کی قیمت 10 روپے فی یونٹ رہی اسلئے بجلی کی قیمتوں میں ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں اضافہ ناگزیر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن