چیمپئنز ٹرافی : انگلینڈ جنوبی افریقہ کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا
چیمپئنز ٹرافی : انگلینڈ جنوبی افریقہ کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا
اوول (سپورٹس ڈیسک+آئی این پی) انگلینڈ میں کھیلی جانے والی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔ چیمپئنز ٹرافی کے کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے انگرم اور ہاشم آملہ نے اننگز کا آغاز کیا۔ جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہ تھا اور ایک رنز کے مجموعی سکور پر انگرام بغیر کوئی سکور کئے پویلین لوٹ گئے۔ دو رنز کے مجموعی سکور پر جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ اس وقت گری جب ہاشم آملہ ایک رنز بنا کر آو¿ٹ ہوئے۔ ایک موقع پر جنوبی افریقہ کے 80 کے مجموعی سکور پر 8 کھلاڑی آو¿ٹ ہو چکے تھے تاہم اسکے بعد ملر اور کلینویٹ کے درمیان 95 رنز کی شرکت داری قائم ہوئی اور ٹیم کو 175 کا مجموعی سکور دیا۔ جنوبی افریقہ کے 7 بلے باز دوہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکے۔ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 175رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ ڈیوڈ ملر 56‘ کلینویٹ 43 اور پیٹرسن 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ٹریڈ ویل اور سٹیورٹ براڈ نے 3,3 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اسے پہلا نقصان 22 کے مجموعی سکور پر اس وقت اٹھانا پڑا جب ایلسٹر کک 6 رنز بنا کر مورس کی گیند پر آﺅٹ ہو گئے۔ جنوبی افریقہ کو دوسری کامیابی 41 سکور پر ملی اور آئن بیل 20 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔ انگلینڈ کو تیسرا نقصان 146 کے مجموعی سکو رپر اٹھانا پڑا اور جوروٹ 48 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔ جوناتھن ٹراٹ 82 اور ایون مورگن 15 رنز بنا کر نے ٹیم کو 37.3 اوورز میں ٹیم کو فتح یاب کرایا۔ ٹریڈ ویل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جنوبی افریقہ نے کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ میں ہارنے کی روایت برقرار رکھی۔