سپورٹس بورڈ پنجاب: ملازمین نے مستقل ملازمت کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا
سپورٹس بورڈ پنجاب: ملازمین نے مستقل ملازمت کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) سپورٹس بورڈ پنجاب میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے گریڈ 16 اور 17 کے 32 ملازمین نے اپنی مستقل ملازمت کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ جسٹس عائشہ اے ملک نے ملازمین کی درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری ریگولیشن، سیکرٹری سپورٹس اور ڈی جی سپورٹس بورڈ کو 26 جون کے لیے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کے ذرائع کے مطابق اس وقت 77 کے قریب تحصیل سپورٹس آفیسر اور ڈسٹرکٹ کوچز کنٹریکٹ کی بنیادوں پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے اپنے سابقہ دور بھی گریڈ 15 تک کے تمام کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کر دیا تھا تاہم گریڈ 16 اور 17 میں کام کرنے والے ملازمین کا معاملہ نئی حکومت کے آنے تک چھوڑ دیا تھا۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کے جن ملازمین نے عدالت سے رجوع کیا ہے 2006ءسے لیکر 2010ءتک مختلف اوقات میں بھرتی ہوئے ہیں۔ ملازمین کی جانب سے جسٹس (ر) حافظ طارق نسیم کو اپنا وکیل مقرر کیا گیا ہے۔
ملازمین نے اپنی پٹیشن میں موقف اختیار کیا ہے کہ وزیر اعلٰی پنجاب کئی ملازمین کو پبلک سروس کمشن سے باہر ریگولر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا لیکن سپورٹس بورڈ کے اعلٰی حکام کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ وہ اپنی رٹ کو واپس لے لیں ان کو مستقل کرا دیا جائے گا۔