• news

جنوبی وزیرستان میں امن ہو گیا‘ جانیوالے واپس آ جائیں: جنرل کیانی‘ وادی تیراہ‘ تاریخی مرکز باغ پر پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا

انگور اڈا /خیبر ایجنسی (آن لائن+ این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں امن قائم ہو گیا ہے اور عوام کی مدد سے دہشت گردوں کو شکست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کا قیام مقامی لوگوں سے ہوا۔ اسے دیرپا بنانے اور اس کے ثمرات آئندہ نسلوں تک پہنچانے کیلئے مقامی لوگوں کا تعاون درکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک عوام مطمئن نہیں ہوتے فوج جنوبی وزیرستان میں موجود رہے گی، قبائلی علاقوں میں خوشحالی آئے گی تو کوئی دہشت گردی میں ملوث نہیں ہو گا، جنوبی وزیرستان چھوڑ کر جانے والے شہری واپس آ جائیں، عوام امن کا فائدہ اٹھائیں گے تو مقصد حاصل ہو گا۔ جنوبی وزیرستان میں وانا انگور اڈہ سڑک کے افتتاح کے بعد قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہاکہ جنوبی وزیرستان کے لوگوں کی بدولت علاقے میں امن ہوا جس کےلئے وہ عوام کے مشکور ہیں۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہاکہ وہ وانا سے انگور اڈا روڈ کو شیخ خلیفہ بن زید النیہان کا نام دے رہے ہیں۔ عوام امن کا فائدہ اٹھائیں گے تو مقصد حاصل ہو گا، قبائلی علاقوں کے لیے سڑکوں کا نظام، آب پاشی، بجلی، تعلیم اور صحت کے منصوبے بنائے، آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہاکہ وہ گارنٹی دیتے ہیں کہ ان سڑکوں کی تعمیر سے آئندہ نسلوں کو بھی فائدہ ہو گا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وانا انگور اڈا روڈ کی تعمیر سے کراچی سے کابل تک کا فاصلہ چار سو کلومیٹر کم ہوگیا ہے۔ دریں اثناءآئی ایس پی آر کے مطابق وادی تیراہ میں کامیاب آپریشن کے بعد تاریخی مرکز باغ پر پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا ہے۔ قبل ازیں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے خیبر ایجنسی وادی تیراہ کا دورہ کیا اور میدان کے علاقوں میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشنز کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے آپریشنز مکمل کرنے اور غیرملکیوں سمیت دہشت گردوں کو علاقے سے نکالنے کے عمل کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کو جتنی جلدی ممکن ہوسکے دوبارہ اپنے علاقوں میں آباد کیا جائے۔ اس موقع پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل خالد ربانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب اور تیز ترین آپریشن کی تکمیل پر آپ کے عزم کی داد دیتا ہوں۔ تیرا کا علاقہ دہشت گردوں سے پاک کرنے پر فوج کو شاباش دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو دہشت گردوں سے نجات دلانے پر جوان تحسین کے قابل ہیں۔ قبل ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق وادی¿ تیراہ کے علاقے میدان کو سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے پاک کر دیا۔ تاریخی مرکز باغ میں فورسز نے پاکستانی پرچم لہرا دیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن