• news

گرمی کی شدت میں اضافہ، لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی، ایک شخص جاں بحق

اسلام آباد/ساہیوال/حافظ آباد (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت+آن لائن) ملک بھر میں ایک بار پھر گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ ملتان، سکھر اور رحیم یار خان میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعہ کو موسم خشک رہے گا۔ ملک کے مختلف علاقوں میں گرمی نے ایک بار پھر اپنا زور دکھانا شروع کر دیا، ساہیوال میں گذشتہ روز درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا۔ گرمی کی شدت سے چک نمبر 90/9ایل کا رہائشی محمد شاہ جاں بحق ہو گیا۔ کوٹ مومن میں ایک مرتبہ پھر غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع کر دی گئی۔ جبکہ واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی بند کر دیا جس کی وجہ سے پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ شہری 30سے 50روپے میں پانی کا کین خریدنے پر مجبور ہیں۔ ضلع خوشاب میں گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں ایک دفعہ پھر اضافہ ہو گیا۔ شہری علاقوں میں 10سے 12جبکہ دیہی علاقوں میں 15گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ پاکپتن اور گرد و نواح میں غیراعلانیہ بدترین 18گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ شروع کر دی گئی۔ کھرڑیانوالہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے بعد اب گھریلو صارفین کو گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے۔ ڈونگہ بونگہ اور نواحی علاقوں میں شدید گرمی اور کئی کئی گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کو پریشان کر دیا۔ حافظ آباد میں بجلی کی 18,18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جس سے پاور لومز انڈسٹری مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے، ہزاروں مزدور بے روزگار ہوگئے۔ بصیر پور میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے دھان کی بوائی متاثر ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن