امریکی نژاد پاکستانی سے مبینہ فراڈ، سابق وزیراعظم گیلانی کیخلاف نیب میں ریفرنس بھجوانے کی درخواست پر سماعت ملتوی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے امریکی نژاد پاکستانی سے مبینہ فراڈ کے الزام میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کیخلاف نیب میں ریفرنس بھجوانے کیلئے درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ امریکی نژاد پاکستانی سکندر اقبال کے وکیل نے فاضل عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار 116 میگاواٹ کا پاور پلانٹ لگانے کیلئے بیرون ملک سے رقم لیکرآیا مگر سابق وزیراعظم اور ان کے رشتہ داروں نے فراڈ کے ذریعے تمام رقم ہتھیا لی۔ فاضل عدالت کے استفسار پرنیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیب کے آئندہ ہونیوالے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ریفرنس بھجوانے کا فیصلہ کیا جائیگا۔