توقیر صادق کی وطن واپسی، نیب افسروں کی دو رکنی ٹیم 24 جون کو یو اے ای جائیگی
اسلام آباد (نامہ نگار) 82 ارب روپے کے اوگرا سکینڈل کے مرکزی ملزم توقیر صادق کو ملک میں واپس لانے کیلئے نیب افسران پر مشتمل دو رکنی ٹیم 24 جون کو متحدہ عرب امارات روانہ ہو گی، متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفارتخانے کو اس سلسلے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دو رکنی ٹی میں اوگرا سکینڈل کے تفتیشی افسر وقاص خان اور ایک وکیل شامل ہے۔ توقیر صادق نے رضا کارانہ طور پر خود کو پاکستانی حکام کے حوالے کرنے سے متعلق ایک خط بھی تحریر کیا تھا۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے کے ایک افسر کی جانب سے بھی بتایا گیا ہے کہ توقیر صادق رضا کارانہ طور پر گرفتاری دینے کو تیار ہیں، دبئی کی عدالت نے بھی توقیر صادق کو ملک چھوڑنے کیلئے ایک ماہ کا وقت دے رکھا ہے جس میں ابھی کچھ روز باقی ہیں، دبئی کی عدالت نے انہیں اس سلسلے میں اپیل کا حق بھی دے رکھا ہے۔