کراچی: عبدالستار ایدھی کی طبیعت ناساز، ہسپتال میں چیک اپ کے بعد گھر منتقل، وزیراعلیٰ شہبازشریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعا
کراچی (این این آئی) معروف سماجی رہنما عبدالستار کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں ایس آئی یو ٹی ہسپتال لایا گیا جہاں ان کے مختلف چیک اپ کئے گئے۔ عبدالستار ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی کے مطابق عبدالستار ایدھی کو طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کے مختلف ٹیسٹ کئے ہیں۔ فیصل ایدھی کا کہنا ہے ڈاکٹروں نے انہیں آرام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عبدالستار ایدھی کافی عرصے سے گردے کے امراض کے باعث علیل ہیں۔ جمعہ کو انکی طبعیت ناساز ہونے پر مقامی ہسپتال میں داخل کیا جہاں ڈاکٹر ادیب رضوی نے ان کا طبی معائنہ کیا۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے عبدالستار ایدھی کی جلد صحت یابی کے لئے دعاکی ہے۔ انہوں نے کہا عبدالستار ایدھی پاکستان کے لئے قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی سماجی خدمات کی پوری دنیا معترف ہے۔ میری دعا ہے اﷲ تعالی عبدالستار ایدھی کو جلدصحت یابی عطاءفرمائے۔