• news

بے نظیر کی سالگرہ، تقریب میں جیالوں کی گیلانی، راجہ، کائرہ کیخلاف نعرے بازی

اسلام آباد (آن لائن+ ایجنسیاں) پیپلز پارٹی کے سیکرٹریٹ میں بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب میدان جنگ بن گئی، کارکنوں نے یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور قمر الزمان کائرہ کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے انہیں پارٹی کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیا۔ تفصیلات کے مطابق بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب میں شکت کیلئے جونہی سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، قمر الزماں کائرہ، لطیف کھوسہ اور دیگر رہنما پیپلز سیکرٹریٹ پہنچے تو شہزادہ کوثر گیلانی کی قیادت میں کارکنوں کا ایک گروپ انہیں دیکھ کر مشعتعل ہو گیا اور انکے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ کارکنوں کی بدتمیزی اور گالم گلوچ کے باعث کسی رہنما کو غصیلے جیالوں کو چیک کرانے یا انہیں جواب دینے کی ہمت نہ ہوئی۔ کارکنوں کا کہنا تھا کہ کرپشن یوسف رضا گیلانی کے گھر سے شرع ہوئی، انکا صفایا کرینگے، راجہ رینٹل کہاں ہے، وہ کیوں نہیں آیا، شہید بی بی کی پارٹی کو تباہ کرنے والا یہی گروپ ہے، اس سے سارے حساب لینگے۔ جیالوں نے کمشن مافیا نامنظور کے نعرے بھی لگائے تاہم بعدازاں خورشید شاہ اور میاں رضا ربانی نے انہیں بمشکل چپ کرایا۔ کارکنوں کی دھکم پیل اور نعرے بازی کے باعث تقریب مختصر کر دی گئی۔ یوسف رضا گیلانی، لطیف کھوسہ، جہانگیر بدر اور خورشید شاہ سمیت کئی رہنما خطاب نہ کر سکے۔ بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ علی حیدر گیلانی کے اغواءکاروں نے اب تک مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا، حکومتی کوششوں سے اسی وقت مطمئن ہونگا جب نتائج برآمد ہونگے، ڈرون حملوں سے دہشت گردوں کو ہمدردی ملتی ہے، کوئی ایک پارٹی ملکی مسائل حل نہیں کر سکتی، مخصوص ٹولہ پارٹی میں انتشار کا تاثر پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی حیدر گیلانی کی بازیابی میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کی قربانیوں کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا، بی بی کی شہادت پارٹی اور ملک کا صرف نقصان نہیں تھا بلکہ پوری دنیا کا نقصان تھا۔

ای پیپر-دی نیشن