بے نظیربھٹو کی سالگرہ منائی گئی، نوڈیرو، لاہور سمیت کئی شہروں میں تقاریب
نوڈیرو + لاہور (ایجنسیاں + خبرنگار + نامہ نگاران) سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی 60 ویں سالگرہ انکے آبائی گاﺅں گڑھی خدا بخش سمیت کئی شہروں میں نہایت عقیدت کیساتھ منائی گئی‘ گڑھی خدا بخش میں صبح 8 بجے مزار پر قرآن خوانی ہوئی‘ اس کے بعد لنگر تقسیم کیا گیا‘ سندھ کے مختلف اضلاع سے آئے پی پی کے ہزاروں جیالوں نے بے نظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے گڑھی خدا بخش پہنچ کر بینظیر بھٹو‘ ذوالفقار علی بھٹو‘ بیگم نصرت بھٹو کے مزارات پر حاضری دی، انہوں نے سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی اور ہم بھی انہی کے نقش قدم پر چل کر عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ سندھ کے عوام کی جانب سے دئیے گئے بھاری مینڈیٹ پر فخر ہے۔ ہم عوامی مسائل اولیت کی بنیاد پر حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین نے پی پی کیخلاف دس جماعتی اتحادوں سے مل کر سازشیں کیں لیکن سندھ کے عوام نے انہیں مسترد کردیا۔ سالگرہ کے موقع پر سینکڑوں کارکنوں اور پارٹی رہنماﺅں نے خون کے عطیات دئیے۔ علاوہ ازیں صدر آصف علی زرداری نے بے نظیر بھٹو کی 60 ویں سالگرہ پر نوڈیرو تعلقہ ہسپتال میں خون کا عطیہ دیا۔ انہوں نے اس سے قبل محترمہ بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ ادھر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ پر کیک کاٹنے کی تقریبات ہوئیں۔ صوبائی دارالحکومت میں سالگرہ کی تقریب ماڈل ٹاﺅن سیکرٹریٹ میں ہوئی جس میں تنویر اشرف کائرہ، ثمینہ خالد گھرکی، راجہ عامر، عمر شریف بخاری، بیرسٹر عامر حسن سمیت اہم رہنماﺅں اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ میاں منظور احمد وٹو صوبائی صدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ ہم سے غلطیاں ہوئیں مگر ہم عہد کرتے ہیں کہ یہ غلطیاں آئندہ نہیں دہرائیں گے۔ ذوالفقار علی بھٹو اوربے نظیر بھٹو کے نقش قدم پر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت ملک و قوم کو بے نظیر بھٹو کی ضرورت تھی انہیں شہید کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی کا نام نہیں لیتے مگر ہمارے لیڈر چھوٹی چھوٹی باتوں پر مصلحت اختیار کر لیتے ہیں مگر بے نظیر بھٹو نے کبھی مصلحت اختیار نہیں کی اور جان تک قربان کر دی۔ میاں منظور وٹو نے کہا کہ ہم سے انتخابات چھینے گئے مگر ہم نے بے نظیر بھٹو کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے جمہوریت کی بقا کے لئے انتخابی نتائج قبول کئے تنویر اشرف کائرہ نے اپنے خطاب میں کہا پیپلز پارٹی پہلے سے بھی بڑی جماعت بن کر واپس آئے گی ایک دھڑا بنانے والوں کو منہ کی کھانی پڑیگی۔ پیپلز پارٹی کوکوئی نہیں توڑ سکتا۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر تحصیل صدر میاں محمد عاصم اور سابق ایم پی اے میاں محمد ارقم کی رہائی شگاہ پر تقریب ہوئی جس میں کارکنوں نے کثیر تعداد نے شرکت کی جس میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اس موقع پر میاں محمد عاصم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے ساری زندگی غریب عوام اور اس ملک کے لئے جدوجہد کرتے گزاری ملک و قوم کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رہیں گی۔ اس موقع پر رحمت اللہ باجوہ چودھری محمد نواز اعظم ورک اقبال بھٹی محمد نوید کلیم اللہ ابرار احمد خان، ساجد نذیر حسین محمد اکبر جہانزیب بھی موجود تھے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ میں تقریب راجہ چوک میں ہوئی جس سے پیپلز پارٹی کے ضلعی رہنماﺅں پی ایم صفدر، محمد ارشد مہمند، الحاج زاہد فاروق، خالدہ شاہد اعوان، یاسر عظیم چوہان، ثوبیہ ساحر ایڈووکیٹ، حاجن اللہ رکھی، ملک شوکت حیات اعوان و دیگر نے بے بینظیر بھٹو کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی سطح کی لیڈر تھیں جنہوں نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ سالگرہ کی دوسری تقریب نواحی قصبہ چندھڑ میں پی پی تحصیل نوشہرہ ورکاں کے صدر چودھری خورشید احمد چندھڑ کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں پیپلز پارٹی کے بزرگ کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر 10 پاﺅنڈ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ ننکانہ صاحب سے نمائندہ نوائے وقت اور نامہ نگار کے مطابق بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر گزشتہ روز سٹی صدر صفدر شاہ کے ڈیرہ پر شعبہ خواتین کی صدر ناصرہ شوکت کے زیر اہتمام قرآن خوانی کی گئی اور بینظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اس موقع پر شعبہ خواتین کی صدر ناصرہ شوکت اور سینئر نائب صدر شانزہ رائے نے کہا کہ شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کی بقا اور استحکام پاکستان کے لئے لازوال قربانیاں دیں۔ علاوہ ازیں چاچا اسلم بھٹو کی رہئاش گاہ پر بھی بینظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا جس میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اسی طرح پیپلز پارٹی کے سابق رکن پنجاب اسمبلی رائے شاہجہان احمد خان بھٹی کی زیر قیادت ڈسٹرکٹ ہسپتال ننکانہ صاحب کی بلڈ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں کارکنوں اختر حسین، محمد ادریس، ملک مقر الزمان، رانا فیصل منظور، غلام حسن، محمد نوید اور محمد نواز نے خون کے عطیات دئیے۔ رائے شاہجہان احمد خان بھٹی نے مقامی ہوٹل میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹا اس موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکن حکیم محمد اکرم، محمداسماعیل، شاہین اقبال غیور، تنویر اختر ٹونی، رانا محمد یوسف و دیگر بھی موجود تھے۔ این این آئی کے مطابق آزاد کشمیر میں بے نظیر بھٹو سالگرہ پر تقریب سینئر رہنما ہمایوں زمان مرزا کی زیر صدارت مقامی ہال میں ہوئی جس میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اس موقع پر کارکنوں کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔ علاوہ ازیں سیالکوٹ، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شورکوٹ میں بھی بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے حوالے سے خصوصی تقاریب منعقد ہوئیں۔