• news

خنجراب گوادر اور کراچی کو چین سے ملانے سے خطے کی تقدیر بدل جائے گی : نوازشریف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + اے پی پی) وزیر اعظم محمد نوازشریف نے خنجراب، گوادر اور کراچی کے ذریعے چین کو پاکستان سے ملانے کیلئے ایکسپریس وے اور تیز رفتار ریلوے ٹریکس بچھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خطے کی تقدیر بدل جائیگی اور دونوں ممالک میں اقتصادی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ وزیراعظم ہاﺅس میں ایک بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا خطے کی آبادی کے فائدے کیلئے ایسے منصوبوں پر عمل کیا جائیگا جن سے اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہو، لوگوں کو روزگار ملے اور ان کی تقدیر بدلے۔ میں نے چینی وزیراعظم کے ساتھ مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا مجھے اس بات پر خوشی ہے کہ چینی حکومت بھی اس منصوبے میں اتنی ہی دلچسپی رکھتی ہے۔ ہم ٹھوس منصوبے اور واضح نتائج چاہتے ہیں، یہ منصوبہ چین کے وسیع تر مفاد میں ہے کیونکہ اس سے چین کے اندر فاصلہ کم ہو گا جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹیشن کی لاگت کم ہو گی اور بھارت، وسطی ایشیا اور پورے خطے کے ساتھ چینی تجارت کی رسائی ملے گی۔ وزیراعظم نے نشاندہی کی کہ بہت بڑی آبادی تجارت کے بے پناہ مواقع اور بے پناہ گنجائش کے باعث مستقبل اس خطے کا ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے اجلاس کو جاری منصوبوں اور ریلوے نیٹ ورک، انرجی سیکٹر اور روڈ نیٹ ورکس میں چینی حکومت کے ساتھ آئندہ کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے وزارت ریلویز کو ہدایت کی آئندہ چند روز میں وفد کے چین روانہ ہونے سے قبل تیز رفتار مسافر اور مال بردار ٹرینوں کی سہولت کے لئے نئے ریلوے ٹریکس کے لئے ٹھوس تجاویز پیش کی جائیں۔ نئے اور قابل عمل منصوبوں کی نشاندہی کی جائے جن سے زیادہ تعداد میں لوگوں کو فائدہ پہنچے۔ انہوں نے حویلیاں۔ رتو ڈیرو۔گوادر۔کوئٹہ اور حویلیاں۔اسلام آباد۔ لاہور ریلوے ٹریکس اور ایکسپریس ویز پر کام شروع کرنے کی تجویز دی جن سے تجارتی سرگرمیوں میں قابل ذکر اضافہ ہو گا اور یہ خطہ چین اور دنیا کے لئے کھل جائے گا۔ انہوں نے وزارت منصوبہ بندی کو ہدایت کی کہ مجوزہ ریلوے اور ایکسپریس وے کے ساتھ اقتصادی زونز کی نشاندہی کی جائے۔ انہوں نے خصوصی اقتصادی زونز اور گوادر کو ایک بین الاقوامی شہر اور اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ملک اور بلوچستان کے لوگوں کے لئے خوشحالی آئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ چین کے ساتھ نئے رابطے قائم کئے جائیں اور چینی تجارت کو بھارت اور وسطی ایشیا تک رسائی دی جائے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، ریلویز مواصلات، اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹریز ،چیئرمین سی ڈی اے اور دیگر اعلیٰ حکام بھی بریفنگ کے دوران موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن