• news

ملک بھر میں آج شب برات مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی

لاہور (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) ملک بھر میں آج بروز پیر شب برات مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی اور اس سلسلہ میں مساجد میں خصوصی روحانی محافل اور شب بیداری کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں علماءکرام اور خطیب حضرات شب برات کی اہمیت اور اس کی برکات کے حوالے سے خصوصی بیانات دیں گے اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور قومی مسائل کے حل کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ فرزندان اسلام شب بھر نوافل اور تسبیحات پڑھنے کے علاوہ اگلے روز نفلی روزہ بھی رکھیں گے۔نامہ نگار کے مطابق لاہور میں شب برات کے موقع پر مساجد اور امام بارگاہوں میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے جائیں گے۔ حساس اداروں کی اطلاع ہے شب برات کے موقع پر دہشت گرد کوئی بڑی کارروائی کر سکتے ہیں اس لئے پولیس و قانون نافذ کرنے والے ادارے آج شہر بھر سکیورٹی ہائی الرٹ کرینگے۔ شہر کے داخلی راستوں کی کڑی نگرانی اور اہم سرکاری عمارات، بس و ویگن سٹینڈز اور کاروباری و تجارتی مراکز اور بازاروں میں سفید پارچات میں نفری تعینات کی جائے گی۔ اہم مساجد سے ملحقہ اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ باز بندوقچی تعینات کئے جائیں گے اور مزاروں کی سکیورٹی میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن