موت سے زندگی کا سفر
مکرمی! اولاد جیسی نعمت کی خوشخبری ملنے پر اللہ کی شکر گزاری کے ساتھ ہسپتال میں چیک اپ کروانا بھی اہم ہے کیونکہ ذرا سی غفلت حالات کا رخ بدل دیتی ہے۔ عمرانہ کو بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ امید سے ہونے پر اس کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں تھا لیکن اس کے لئے ہسپتال جا کر چیک اپ کروانا بھی بے حد ضروری تھا۔ اس کے مزدور شوہر کے لئے پانچ ہزار روپے ماہانہ آمدن کے ساتھ اسے ہسپتال لے جانا ممکن نہیں تھا۔ عمرانہ بتاتی ہے ”جب نویں مہینے مجھے درد ہوا تو میرے شوہر مجھے گا¶ں کے ہسپتال لے گئے۔ وہاں میری طبیعت مزید بگڑ گئی۔ ڈاکٹروں نے ہمیں شہر کے کسی اچھے ہسپتال جانے کا مشورہ دیا۔ کسی نے بتایا کہ لاہور کا لیڈی ولنگڈن ہسپتال جدید علاج کی سہولتیں مجھ جیسے غریبوں کو مفت دیتا ہے۔ لاہور جانے کے لئے ہمیں اپنے رشتہ داروں سے ادھار پیسے لینا پڑے اور اس میں کافی وقت ضائع ہوا۔ ہسپتال پہنچنے تک میرے بچے کا انتقال ہو چکا تھا۔ ڈاکٹروں نے فوراً میرا آپریشن کیا۔ میرے کچھ ٹیسٹ ہسپتال کے باہر سے ہونے تھے۔ پیسے نہ ہونے کی وجہ سے یہ تمام ٹیسٹ پیشنٹ ویلفیئر ایسوس ایشن (PWA) نے کروا کر دئیے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ہسپتال آنے میں اگر کچھ وقت اور لگتا تو میری جان بھی جا سکتی تھی یہاں کے عملے کی بروقت مدد اور پیشنٹ ویلفیئر ایسوس ایشن (PWA) کے تعاون نے مجھے نئی زندگی دی ہے۔“ (پیشنٹ ویلفیئر ایسوس ایشن لیڈی ولنگڈن ہسپتال لاہور)