قرآن پاک تخلیق کائنات کے اسرار ظاہر کرنے والی کتاب ہے: علامہ لطیف مدنی
لاہور (سٹاف رپورٹر) قرآن حکیم عالم انسانیت کیلئے کتاب ہدایت ہے اور قیامت تک اس کے اسرار ظاہر ہوتے رہیں گے، ہر فرد اور معاشرہ قرآن حکیم سے ہدایت حاصل کرسکتا ہے بشرطیکہ وہ ہدایت طلبی کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے قرآن حکیم سے رجوع کرے۔ حضور اکرم ﷺ کا یہ وہ معجزہ ہے جس کا فیض اپنے متن، معانی اور تاثیر کے لحاظ سے آج بھ یاسی طرح موجود اور جاری ہے جس طرح آپ ﷺ کے مبارک زمانے میں تھا۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم دعوت علامہ محمد لطیف مدنی نے منہاج یونیورسٹی میں منعقدہ سیمینار بعنوان ”قرآنی فیوضات کا معجزانہ تسلسل“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ظہیر اللہ الازہری، ڈاکٹر اصغر جاوید اور جی ایم ملک بھی موجود تھے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی سکالر اور تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم دعوت علامہ محمد لطیف مدنی نے کہا کہ قرآن حکیم کا معجزہ ختم نبوت کی دلیل اور اساس بھی ہے۔