حکومت کراچی میں دہشت گردی روکنے کیلئے فوری اقدامات کرے: عبدالغفار روپڑی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) کراچی میں جاری دہشت گردی کی لہر کو روکنے کےلئے سول انتظامیہ کو فوج کے ساتھ مل کر موثر حکمت عملی بنانی ہو گی۔ حکومت کراچی میں دہشت گردی، بھتہ خوری جیسے سنگین جرائم کے خاتمے کے لئے فوری اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے راہنما مولانا عبدالوہاب روپڑی اور سیکرٹری اطلاعات مولانا شکیل الرحمن ناصر نے اپنے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ لسانی اور فرقہ پرستی کی آگ کو ہوا دیتے ہوئے انسانی جانوں سے سرعام خونی کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ مہنگائی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا شکیل الرحمن ناصر نے کہا کہ گذشتہ حکومت کی غیر مستحکم اور ناقص پالیسیوں کے باعث کمر توڑ مہنگائی نے عوام کو فاقوں اور خود کشیوں پر مجبور کیا۔ موجودہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر اشیاءکی قیمتوں میں ٹیکس کی شرح کو کم کرے اور مہنگائی کو کنٹرول کےلئے مستحکم پالیسیاں وضع کرے۔ انہوں نے نانگا پربت بیس کیمپ میں ہونیوالی دہشت گردی کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا ملک دشمن عناصر عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔