اقتدار میں آکر مسئلہ کشمیر حل کریں گے: نریندر مودی
جموں (آن لائن) بھارتی ریاست گجرات کے سابق وزیراعلیٰ اور اپوزیشن جماعت بی جے پی کی الیکشن کمیٹی کے سربراہ نریندر مودی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کئی اقدامات اٹھا کر کشمیریوں کے دل جیت لئے تھے‘ 2004ءمیں بی جے پی کی حکومت قائم ہوجاتی تو آج یہ مسئلہ حل ہوگیا ہوتا۔ آئندہ انتخابات میں بی جے پی کامیاب ہوئی تو واجپائی کا مشن مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جموں کے علاقے پٹھان کوٹ میں منعقدہ ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے حکمراں جماعت کانگریس کو ملک کیلئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس جماعت نے نہ صرف ہمیشہ اقلیتوں کا استحصال کیا بلکہ وطن عزیز کیلئے دی جانے والی قربانیوں کو بھی فراموش کیا خصوصاً کشمیریوں کے دلوں پر بہت زیادہ زخم لگائے ہیں جن پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی نے اپنے دور حکومت میں پاکستان کیساتھ دوستی کا ہاتھ بڑھا کر کشمیریوں کے دل جیت لئے تھے اور مسئلہ کشمیر کے حل بارے کئی گرانقدار اقدامات اٹھائے تھے۔ اگر 2004ءکے انتخابات میں بی جے پی اتحاد کی حکومت قائم ہوجاتی تو آج مسئلہ کشمیر حل ہوچکا ہوتا۔ اگر آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل ہوئی تو واجپائی کا ایجنڈا آگے بڑھاتے ہوئے مسئلہ کشمیر حل کرنے کی کوشش کریں گے اور کشمیریوں کو جو زخمی ملے ہیں ان پر مرہم رکھیں گے۔