ٹھٹھہ: ونڈپاورجنریشن پر کام کرنیوالی چینی کمپنی نے سکیورٹی بڑھانے کی درخواست دیدی
ٹھٹھہ + کراچی (نوائے وقت رپورٹ) جھمپیر میں ونڈ پاور جنریشن پر کام کرنیوالی چینی کمپنی نے سکیورٹی بڑھانے کی درخواست دیدی۔ تھری گور چیف کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نے وفاقی وزیر داخلہ چودھر ی نثار اور حکومت سندھ کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ حفاظت کیلئے رینجرز تعینات کی جائے۔ چینی کمپنی ونڈ پاور سے 50 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے پر کام کررہی ہے۔ کمپنی کی سکیورٹی پر دو سب انسپکٹروں سمیت 12 پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ ایس ایس پی حسیب افضل بیگ کے مطابق حکومت سے فرنٹیئر کانسٹیبلری کی تعیناتی کی سفارش کی ہے۔ علاوہ ازیں آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے ہدایت کی ہے کہ سندھ میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس پر کام کرنیوالے چینی و دیگر غیر ملکی انجینئرز کی سکیورٹی فول پروف بنائی جائے۔ شیڈول کے تحت سفری روٹ اور رہائشگاہوں کے اطراف سکیورٹی فول پروف بنائی جائے۔ متعلقہ تھانے غیر ملکی شہریوں کی تفصیلی فہرستوں کے مطابق سکیورٹی اقدامات کو یقینی بنائیں۔