• news

نارووال: نوجوان کی مبینہ طور پر قرآن پاک کی بے حرمتی، اہل علاقہ مشتعل، توڑ پھوڑ

نارووال+ نارنگ منڈی+ تلونڈی بھنڈراں (نامہ نگار) نارووال کے موضع تلونڈی بھنڈراں میں 22سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر قران کی بے حرمتی کی۔ بتایا گیا ہے کہ تلونڈی بھنڈراں کے سجاد خوشی کی والدہ چند روز قبل انتقال کر گئی تھیں۔عینی شاہدین کے مطابق انکی تعزیت کے لئے اہل محلہ کی خواتین گھرمیں آکر قران پاک کی تلاوت کر رہی تھیں۔ اس دوران قران خوانی پر میاں بیوی میں تکرار ہوگئی اور سجاد نے غصے میں سورة یاسین کو بھی جلایا اورقران پاک کو پھاڑ دیا جس کی اطلاع آگ کی طرح گاﺅں میں پھیل گئی اور لوگ مشتعل ہوکر اس کے گھر پہنچ گئے اور گھر کی توڑ پھوڑ شروع کردی۔ واقعہ کی اطلاع تھانہ ندوکے کو دی گئی اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور سجاد کو حراست میں لینے کی کوشش کی لیکن اہل علاقہ نے اسکو گرفتار کرنے کی بجائے وہیں پر مار دینے کا کہا۔ ضلع بھر کی پولیس کو طلب کر لیا گیا لیکن عوام نے سجاد کو گرفتار نہ کرنے دیا۔ پولیس نے سجاد کو ایک کمرے میں بند کرکے گھرکے اندر نفری تعینات کردی۔ بعدازاں ڈی پی او نارووال گوہر مشتاق بھٹہ علما کرام مولانا یحییٰ محسن، علامہ قاضی محمد یعقوب رضوی اور دیگر کی یقین دہانی پر عوام منتشر تو ہوگئے جب سجاد کو پولیس لے جانے لگی تو چند افراد پھر مشتعل ہوگئے اور پولیس پر پتھراﺅ شروع کردیا۔ عوام نے وہاں پر ریزرو پولیس بس کو اینٹیں مار کر شیشے توڑ دیے ،ایک گھر سے فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ بعد ازاں مظاہرین نے نارووال مریدکے روڈ کو ٹائر جلا ہرقسم کی ٹریفک کےلئے بلاک کر دیا۔ قلعہ کالر والا اور تلونڈی کے لوگوں نے ملزم کے خلاف جلوس کالا اور زبردست مظاہرہ کیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ ندو کی میں ایف آئی آر درج کر لی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن