• news

مشرف سمیت ہر شخص کے لئے قانون ایک جیسا ہونا چاہئے‘ دہشت گردی کا قومی سطح پر مقابلہ ناگزیر ہے‘ وزیراعظم تمام جماعتوں کا اجلاس بلائیں: عمران

پشاور (نوائے وقت نیوز+ثنا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ دہشت گردی کا قومی سطح پر مقابلہ ناگزیر ہے، ڈرون حملے ہمیں امریکہ کی جنگ سے جوڑ رہے ہیں۔ امریکہ کی جنگ سے علیحدگی اختیار کرنا ضروری ہے۔ دہشت گردی اور کرپشن کے خلاف جنگ ہر صورت میں جیتنی ہو گی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈرون حملہ امریکہ کرتا ہے لیکن قیمت پاکستان کو چکانا پڑتی ہے۔ دہشت گردی کے معاملے پر وزیراعظم تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس طلب کریں۔ کرپشن کے خاتمے کے لئے سیل قائم کریں گے اور بدعنوانی کا خاتمہ کریں گے۔ دہشتگردی کیخلاف جب تک قومی پالیسی نہیں بنائی جاتی اس کا خاتمہ ممکن نہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے اور امریکی جنگ سے نکلنے کیلئے قومی پالیسی بنانا وفاقی حکومت کا کام ہے۔ خیبر پی کے میں آزاد کمشن کے تحت احتساب سیل بنایا جائیگا جو تمام وزرائ، ارکان اسمبلی ،اتحادی جماعتوں کے وزراءاور بیورو کریٹس پر نظر رکھے گا کسی کو کسی قسم کی کرپشن نہیں کرنے دی جائیگی۔صوبے میں اطلاعات تک رسائی کو ممکن بنائیں گے تمام معاہدوں اور ٹھیکوں کی تفصیلات سمیت وزرائ،ایم پی ایز اور سینئر بیوروکریٹس کے اثاثے بھی حکومت کی ویب سائٹ پر لگائے جائیںگے۔ ترقیاتی فنڈز ایم پی ایز کی بجائے بلدیاتی نمائندے استعمال کرینگے کوئی وزیر یا ایم پی اے رہتے ہوئے اپنا کاروبار نہیں بڑھا سکے گا۔ کرک اور کوہاٹ کے معدنی وسائل کی رائلٹی خود مختار ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی خرچ کریگی۔صوبے کی ہر تحصیل میں کھیلوں کے میدان قائم کئے جائیں گے۔ پرویز مشرف سمیت ہر شخص کیلئے قانون ایک جیسا ہونا چاہئے۔ ہم ملک میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ پریس کانفرنس کے موقع پر وزیراعلیٰ پرویز خٹک، مرکزی رہنما تحریک انصاف جہانگیر ترین اور دیگر موجود تھے۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کو چاہئے کہ جلد تمام جماعتوں کے سربراہوں اور آرمی چیف کو بلائیں وہ بریفنگ دیں کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے جس کے بعد حالات سے نمٹنے کیلئے قومی پالیسی بنائی جائے۔ جب تک ہم امریکی جنگ سے نہیں نکلیں اور ڈرون حملے نہیں روکیں گے دہشتگردی بھی نہیں رکے گی۔امریکہ خود تو قطر میں طالبان کا دفتر کھلوا کر مذاکرات کر رہا ہے اور ہمیں مزید لڑنے کی ترغیب دے رہا ہے۔ جب یہاں مذاکرات کی بات ہوتی ہے تو امریکہ ڈرون حملے کر کے یہ عمل سبوتاژ کر دیتا ہے۔وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ نے پشاور ہائی کورٹ میں رپورٹ دی کہ پانچ سال میں ڈرون حملوں میں صرف47دہشتگرد مارئے گئے جبکہ 1500بیگناہ افراد مارے گئے ،کئی ہمیشہ کیلئے معذور ہو گئے۔ ہم نے کرپشن کیخلاف بھی جنگ لڑنی ہے اور وعدے کے مطابق نوے دنوں میں بڑی کرپشن ختم کر کے دکھائیں گے۔ اب کوئی وزیر پوسٹنگ ٹرانسفر نہیں کرے گا اگر کسی افسریا ملازم کیخلاف کوئی شکایت ہو تو اس کی انکوائری ہو گی اسے ٹرانسفر نہیں کیا جائے گا۔ کوئی وزیر یا حکومتی رکن اپنا کاروبار نہیں بڑھا سکے گا۔ تمام وزرائ، مشیروں، معاونین اور سینئر بیورو کریٹس کے اثاثے ویب سائٹ پر شائع کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ ہاﺅ س کا خرچ پندرہ کروڑ سے کم کر کے ساڑھے سات کروڑ کر دیا ہے وزیر اور مشیر بھی سابقہ وزراءاور مشیروں کے مقابلے میں 75فیصد کم خرچے کرینگے۔ وفاقی حکومت سے درخواست ہے کہ گورنر ہاﺅس پشاور اور نتھیا گلی ہماری تحویل میں دیدیں تاکہ ان کا کمرشل استعمال کر کے ان سے حاصل ہونیوالی آمدنی تعلیم پر لگائی جا سکے۔گلیات میں موجود 32سرکاری ریسٹ ہاﺅسز کا بھی کمرشل استعمال کرنے پر غور کر رہے ہیں ان کی آمدنی بھی عوام کی بھلائی بالخصوص تعلیم پر خرچ کرنے کا ارادہ ہے۔ سیکورٹی وجوہات کی بناءپر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک وزیر اعلیٰ ہاﺅس کی انیکسی میں رہیں گے۔ خیبر پی کے کی ہر تحصیل میں کھیلوں کے میدان بنائیں گے جن میں والی بال، کرکٹ، سکواش شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن