امریکی فوج نے افغانستان میں 2 ہزار گاڑیوں کو سکریپ میں تبدیل کرنا شروع کر دیا
امریکی فوج نے افغانستان میں 2 ہزار گاڑیوں کو سکریپ میں تبدیل کرنا شروع کر دیا
واشنگٹن (اے پی پی) امریکی فوج نے افغانستان میں تعینات اہلکاروں کو بارودی سرنگوں جیسے خوفناک ہتھیار سے بچانے والی 2 ہزار گاڑیوں کو سکریپ میں تبدیل کرنا شروع کر دیا۔ امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق عراق اور افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں کو ایم آر اے پیز نامی یہ 24 ہزار گاڑیاں فراہم کرنے کے منصوبہ پر 50 ارب ڈالر کی خطیر رقم خرچ کی گئی تھی۔ امریکی فوجیوں کو جنگی کارروائیوں کے دوران گھات لگائے دشمن اور راستوں میں نصب بارودی سرنگوں سے بچانے والی اس ایک گاڑی کی قیمت 10 لاکھ ڈالر تھی۔ امریکی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ گاڑیاں اب بھی بہترین حالت میں ہیں اور ان کو افغانستان اور عراق سے واپس لانے پر بھاری اخراجات آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت افغانستان میں موجود امریکی جنگی ساز و سامان اور اسلحہ کی مالیت 25 ارب ڈالر ہے جس میں سے 76 فیصد کو واپس امریکہ لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امریکہ منتقلی کے عمل پر 2 تا 3 ارب ڈالر جبکہ مرمت کے کام پر مزید 8 تا 9 ارب ڈالر اخراجات کا تخمینہ ہے۔ امریکی اخبارات نے اپنی رپورٹ میں مزید لکھا ہے کہ ایم آر اے پیز کو سکریپ میں تبدیل کرنے کی علامتی اہمیت بھی ہے جو یہ ہے کہ اب زمینی جنگ کا دور ختم ہو رہا ہے۔
افغانستان