اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین ایف بی آر اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو نوٹس جاری کردیئے
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین ایف بی آر اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو نوٹس جاری کردیئے
اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف بی آر کے گریڈ 19کے ایک افسر کی درخواست پر چیئرمین ایف بی آر، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت موسم گرما کی تعطیلات تک ملتوی کر دی۔ جسٹس ریاض احمد خان اور جسٹس نور الحق این قریشی پر مبنی دو رکنی بنچ نے یہ فیصلہ کلکٹر کے عہدے پر فائز ڈاکٹر کمال اظہر منہاس کی طرف سے دائر درخواست پر دیا۔ درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ مجا ز اتھارٹی نے ان کے موکل کو اگلے گریڈ میں ترقی نہ دے کر ان کے بنیادی حقوق کی نفی کی ہے۔ ایف بی آر کے سنٹرل سلیکشن بورڈ نے اس سال فروری میں دو اجلاس منعقد کئے جن میں دیگر افسران کے ساتھ ڈاکٹر کمال کے کیس پر بھی غور کیا گیا تاہم بورڈ نے بغیر وجہ بتائے ان کو اگلے گریڈ میں ترقی نہیں دی جبکہ گریڈ 19کے کئی افسران کو ان پر ترجیح دے کر گریڈ 20میں ترقی دی گئی۔ درخواست گزار نے ترقی پانے والے افسران محمد اصغر چوہدر ی، اخلاق احمد، ڈاکٹر ارسلان اور آغا شاہد کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت سے درخواست کی کہ ایف بی آر اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے اس حوالے سے جواب طلب کرے اور ان کے موکل کو اگلے گریڈ میں ترقی دینے کی ہدایت دے۔ فاضل عدالت نے مذکورہ حکم جاری کرتے ہوئے سماعت موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کردی۔
نوٹس جاری