غیر ملکیوں کا قتل : ایف بی آئی پاکستان سے مل کر تحقیقات کر رہی ہے : امریکہ
واشنگٹن ، لندن، گلگت (نوائے وقت نیوز+ بی بی سی+ نیوزایجنسیاں) امریکہ نے دیامر نانگا پربت میں غیرملکیوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان پیٹرک وینٹرل نے کہا ہے کہ واقعہ میں ایک امریکی شہری بھی مارا گیا۔ ایف بی آئی پاکستان کیساتھ ملکر معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ دریں اثناءگلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ مہدی علی شاہ نے کہا ہے کہ نانگا پربت میں غیر ملکی سیاحوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کرنے کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران گرفتار کیے گئے افراد سے تفتیش جاری ہے اور ایک دو دن میں ملزمان کے نام میڈیا کے سامنے لائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے مزید کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے امن جرگہ کی خدمات بھی لی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں سیاحوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خطہ میں دہشت گردی کے تینوں بڑے واقعات میں سکیورٹی فورسز کی وردیاں استعمال کی گئیں‘ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت مل کر غیر ملکی سیاحوں کے قاتلوں تک پہنچنے کے اقدامات کررہی ہےں۔ سانحہ لولو سر، کوہستان اور نانگا پربت واقعات ایک ہی سلسلے کی کڑی ہیں۔اس سے قبل چین اور فرانس نے بھی واقعے کی مذمت کی تھی۔ علاوہ ازیں گلگت بلتستان اسمبلی میں نانگا برپت کے سیاحوں کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد بھی منظورکی گئی۔ ادھر گرینڈ جرگہ نے سرچ آپریشن کی حمایت کردی جس کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا جائے گا۔ گرینڈ جرگہ چالاس میں ہوا اور 10 رکنی کمیٹی قائم کی گئی۔ 35 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ تحقیقات کےلئے ڈی آئی جی انوسٹی گیشن گلگت محمود الحسن کی سربراہی میں آٹھ رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم قائم کردی ہے۔ چینی سیاحوں کی شناخت کیلئے ورثاءاور سفارتخانے کے حکام پمز ہسپتال گئے۔ علاوہ ازیں ملک کے مختلف حصوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی نقل و حرکت محدود کردی گئی ہے چشمہ بیراج پر کام کرنے والے چینی انجینئرز کی سکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔3 چینی کوہ پیماﺅں کی لاشیں کل جمعرات کو خصوصی طیارے کے ذریعے چین بھیجی جائیں گی جبکہ باقی 7 کوہ پیماﺅں کی لاشیں بھی ان کے ممالک کوبھجوانے کے لئے سفارتخانوں سے بات چیت جاری ہے۔ ذرئع کے مطابق چینی نژاد امریکی باشندے کی نعش کو وصول کرنے سے امریکی سفارتخانے نے صاف انکار کردیا اور کہا ہے کہ یہ چینی باشندہ ہے ہم نعش نہیں لیں گے جس کے بعد حکومت نے یہ نعش چین بھجوانے کا فیصلہ کیا۔ آن لائن کے مطابق قتل میں ملوث دہشت گرد بونرویلی سے ملحقہ جنگل میں روپوش ہوگئے ہیں۔ سراغ رساں کتوں نے بھی دہشت گردوں کے جنگل کی طرف جانے کی نشاندہی کی ہے۔ جلد پوری قوت کے ساتھ آپریشن شروع کیا جائے گا۔ دریں اثناءسیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ نانگا پربت واقعہ کے بعد 49 غیر ملکی سیاح اسلام آباد پہنچا دیئے گئے ہیں اب اس علاقے میں کوئی غیر ملکی سیاح موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام مزید کسی دہشت گردی کے واقعہ سے بچنے کے لئے کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی جانب سے کسی سیاح کے اس علاقے میں بچ جانے کی نہ اطلاع ہے اور نہ ہی کسی سفارتخانے کی جانب سے رابطہ کیا گیا ہے۔ دریں اثناءروس کی کوہ پیمائی فیڈریشن نے دعویٰ کیا ہے کہ دیامر میں حملے کے بعد سات روسی کوہ پیما لاپتہ ہیں۔ روس کی کوہ پیمائی فیڈریشن کے صدر الیگزی او چینکوف نے ایک بیان میں کہا کہ 8 روسی کوہ پیماﺅں کو حملے کے بعد نکالا گیا تاہم مزید چھ کوہ پیماﺅں سے کوئی رابطہ نہیں اور ایک اور کوہ پیما جس نے کیمپ میں رہنے کا اعلان کیا تھا اس سے بھی کوئی رابطہ نہیں ہورہا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مواصلاتی سیاروں سے پیغامات بھیجے گئے ہیں توقع ہے کہ وہ اس کا جواب ضرور دینگے اس ضمن میں جب دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز چوہدری سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت داخلہ سے رابطے کا مشورہ دیا۔ ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان میں بلجیئم کی کوہ پیما لاپتہ ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ جس کے بعد متعلقہ محکموں سے رپورٹ طلب کرلی گئی تاہم نانگا پربت کے مہم جوئی کیمپ کے شرکاءمیں بھی بلجیئم شہری کا ذکر نہیں۔