• news

انتخابات میں عوام نے کرپشن کے سومنات تباہ کردیئے‘ عوامی اعتماد پر پورا اتریں گے : شہبار شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ قوم نے بے مثال عوامی خدمت کرنے اور حکومت پنجاب کی گزشتہ 5 برس کی شاندار کارکردگی کی بنا پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو عام انتخابات میں تاریخی مینڈیٹ دیا ہے جو اس بات کا بین ثبوت ہے کہ عوام کرپشن، لوٹ مار اور دھونس دھاندلی کی سیاست کرنے والوں کی بجائے دیانتدار، محنتی، مخلص اور باصلاحیت قیادت پر غیر متزلزل یقین رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ عوام نے عام انتخابات میں کرپشن اور لوٹ مار کے سومنات تباہ کر دیئے ۔عوام نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور پالیسیوں پر جس بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے ہم اس پر پورا اترنے کیلئے اپنے شب و روز ایک کردیں گے اور عوامی خدمت کی نئی مثالیں قائم کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک و قوم کو درپیش چیلنجز اور مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے۔ عوام کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام شروع کردیا گیا ہے اور انشاءاللہ وطن عزیز کو مسائل کے بھنور سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے اور اسے قائدؒ اور اقبالؒ کے تصورات کے مطابق صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور وفود سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس بات میں کوئی دو آرا نہیں کہ کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ فرسودہ اور گلا سڑا نظام عوام کیلئے وبال جان بن چکا ہے۔ لوگوں کو اس نظام سے نجات دلانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے ڈی جی خان کے علاقہ چوٹی زیریں میں خاتون کو فروخت کرنے کے واقعہ، سرگودھا میں خسرہ کے مرض میں اضافے کی خبر وں کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ڈی جی خان صوبائی وزیرصحت اور سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ شہبازشریف نے ایڈیشنل سیکرٹری وزیراعظم آفس فواد حسن فواد کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے چنیوٹ کے علاقہ تقی آباد میں ٹیکسی ڈرائیور اور اس کے بیٹے پر زمیندار کی جانب سے تشدد اور کتے چھوڑنے کی خبر کا نوٹس بھی لیا ہے 

ای پیپر-دی نیشن