• news

پرویز خٹک کی اچانک فضل الرحمن سے ملاقات، میڈیا سے بات کئے بغیر چلے گئے

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز/ ایجنسیاں) سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کا کیس عدالت میں ہے۔ وزیراعلی خیبر پی کے پرویز خٹک سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ کیا کسی ایک شخص نے آئین کو معطل کیا۔ پرویز مشرف کیخلاف کارروائی سے پنڈورا باکس کھل جائیگا۔ احتساب ہونا چاہئے۔ معاملہ کہاں تک جائیگا پتہ نہیں۔ معاملات احتیاط سے حل کئے جائیں، انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ دہشت گردی کے واقعات قابل مذمت ہیں۔ آئین اور شریعت بے گناہوں پر حملے کی اجازت نہیں دیتی۔ جمعیت علمائے اسلام کا خیبر پی کے حکومت میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں۔ قطر مذاکرات میں امریکہ کو اعتماد سازی بڑھانا ہو گی۔ قطر مذاکرات میں پیش رفت کا امکان نہیں، مشروط مذاکرات کامیاب نہیں ہوتے۔ قبل ازیں وزیراعلی خیبر پی کے ملاقات کیلئے سربراہ جے یو آئی (ف) کے گھر پہنچ گئے،ملاقات میں صوبے اور علاقائی صورتحال اور باہمی امور سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فضل الرحمن نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کا کوئی ایجنڈا نہیں تھا۔ انہوں نے پیغام بھجوایا اور ملاقات کیلئے آ گئے۔ یہ روایات کا حصہ ہے اور اسے برقرار رہنا چاہئے۔ پرویز خٹک کچھ دیر فضل الرحمن کے ساتھ رہے اور میڈیا سے بات چیت کئے بغیر چلے گئے۔ فضل الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم نے پرویز مشرف کے بارے میں جو بھی فیصلہ کیا ہو گا وہ سوچ سمجھ کر کیا ہو گا۔ قدم ایسا اٹھایا جائے جس کا انجام بخیر ہو۔ ایسا نہ ہو کہ ہم مزید مشکلات میں پھنس جائیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن