• news

خیبر پی کے اسمبلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف متفقہ قرارداد

پشاور (نوائے وقت رپورٹ + نیٹ نیوز) خیبر پی کے اسمبلی نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف قرارداد منظور کرلی، قرارداد حکومت اور اپوزیشن ارکان نے مشترکہ طور پر پیش کی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ سے صوبے کا معاشی پہیہ مفلوج ہوچکا۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث صوبے میں امن و امان کا مسئلہ بن رہا ہے، طے شدہ فارمولے کے مطابق بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، صوبے میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 22 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ علاوہ ازیں اراکین اسمبلی نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کرنے کی حمایت کردی۔ اراکین کا کہنا ہے کہ مشرف نے جو اقدامات کئے ہیں، ان پر ان کا احتساب ضرور ہونا چاہئے۔ اے این پی نے بھی سابق صدر مشرف پر قانون کے تحت مقدمہ چلائے جانے کی حمایت کی ہے۔ قومی وطن پارٹی کے ایم پی اے کا کہنا ہے کہ مشرف نے آئین توڑا، انہیں سزا ملنی چاہئے۔ آن لائن کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویزخان خٹک نے کہا ہے کہ اگر واپڈا کو صوبہ کے حوالے کردیا جائے توصوبہ سے لوڈشیڈنگ کا ایک ہفتے میں خاتمہ کرا دونگا۔ واپڈا صوبہ کو مقرر شیئر بھی پورا نہیں دے رہا اور نہ ہی صوبہ کےلئے لوڈشیڈنگ شیڈول پر عمل کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کو 2400 میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہے تاہم افسوس کی بات ہے کہ گزشتہ حکومتوں نے بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے حوالے سے مناسب اقدامات نہیں کئے۔

ای پیپر-دی نیشن