• news

لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے نئی انرجی پالیسی تیار، وزیراعظم کوکل بریفنگ دی جائیگی

اسلام آباد (آئی این پی) ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے نئی انرجی پالیسی تیار کرلی ہے اور وزیراعظم نواز شریف کو نئی انرجی پالیسی کے ابتدائی خاکے پر (کل) جمعرات کو بریفنگ دی جائے گی۔ مجوزہ پالیسی میں آئندہ 3سال میں بجلی کی پیداوار 26 ہزار 800 میگاواٹ بڑھانے کا ہدف مقرر کرکے تین سالوں میں مرحلہ وار ہائیڈل ذرائع سے بجلی کی پیداوار پر زیادہ انحصار کرکے بجلی کی اوسط پیدواری قیمت 14 روپے 67 پیسے سے کم کرکے 10 روپے فی یونٹ اور لوڈشیڈنگ صفر تک لائی جائے گی۔ وزارت پانی و بجلی کے ذرائع کے مطابق مجوزہ توانائی پالیسی پر وزیراعظم کو بریفنگ کے بعد 29 جون کو ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں صوبوں کو بھی اس پر اعتماد میں لیا جائے گا۔ وزیراعظم نے نئی انرجی پالیسی کا ڈرافٹ پندرہ روز میں تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس کا باقاعدہ اعلان آئندہ ماہ کے اوائل میں وزیراعظم کے قوم سے خطاب میں متوقع ہے۔ توانائی پالیسی کے چار اہم نکات ہوں گے جن میں بجلی کی طلب و رسد کے درمیان فرق دور کرنا، صارفین کیلئے سستی بجلی کی دستیابی یقینی بنانا، بجلی کی چوری کم سے کم کرنا اور توانائی سیکٹر میں سرمایہ کاری کو پرکشش بنانا شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن